مردان میں ماربل مائننگ کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، 9 مزدور جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں کان کنی کے دوران سلائیڈنگ کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
مردان کے علاقے رستم میں واقع ماربل کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں جو تاحال جاری ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 11 مزدوروں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جن میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 کو زخمی حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایک مزدور اب بھی ملبے تلے لاپتہ ہے، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تازہ دم ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں اور آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے جاری اس آپریشن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لاپتہ مزدور کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔
متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتےہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واقعے کی وجوہات جاننے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔