فون چوری ہو گیا؟ گھبرائیں نہیں، 4 آسان طریقوں سے اسے واپس پائیں

فون چوری یا گم ہونے کی صورت میں فوری کارروائی نہایت ضروری ہے۔
شائع 02 اپريل 2026 03:23pm

موجودہ دور میں اسمارٹ فون ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ دفتری امور، تعلیم، بینکنگ اور تفریح سمیت تقریباً ہر کام اسی پر منحصر ہے۔ لیکن گکی کوچوں اور محلوں کے ساتھ ساتھ پرہجوم مقامات پر بھی اس کے چوری ہونے کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔

ایسے میں اگر فون چوری ہو جائے تو نہ صرف مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ ذاتی معلومات کے غلط استعمال کا خطرہ بھی پیدا ہو جاتا ہےتاہم، جدید ٹیکنالوجی نے اب اس مشکل کو کافی حد تک آسان بنا دیا ہے۔

چوری کے بعد فوری اقدامات

ماہرین کے مطابق جیسے ہی فون چوری یا گم ہونے کا علم ہو، فوری کارروائی کرنا نہایت ضروری ہے۔

سب سے پہلے اپنے موبائل کو ریموٹ طریقے سے لاک یا بلاک کریں تاکہ کوئی بھی آپ کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے موبائل سے منسلک اکاؤنٹس جیسے ای میل، بینکنگ ایپس اور سوشل میڈیا کے پاس ورڈ بھی فوراً تبدیل کریں۔

آئی ایم ای آئی نمبر اور ٹریکنگ سسٹم

ہر موبائل فون کا ایک منفرد آئی ایم ای آئی نمبر ہوتا ہے جو اس کی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسی نمبر کے ذریعے چوری شدہ فون کو ٹریک کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ نمبر پولیس یا متعلقہ اداروں کو فراہم کیا جائے تو فون کی بازیابی کے امکانات کافی بڑھ جاتے ہیں۔

پولیس اور سائبر سیل کا کردار

ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ قریبی پولیس اسٹیشن میں فوری رپورٹ درج کروانا ضروری ہے۔ سائبرسیل پولیس کی مدد سے ہی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مجرموں تک پہنچتا ہے۔

عالمی ٹیلی کمیونیکیشن رپورٹس اور مستند ذرائع کے مطابق موبائل فونز کی چوری روکنے کے لیے ’ آئی ایم ای آئی نمبر’ کو بلاک کرنا سب سے مؤثر ہتھیار ثابت ہو رہا ہے۔

اگر آپ کا ہینڈ سیٹ بلیک لسٹ ہو جائے تو چور اسے کسی بھی موبائل آپریٹر پر استعمال نہیں کر سکے گا، جس سے فون کی چھین جھپٹ کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ بعض کیسز میں بروقت رپورٹنگ سے چند گھنٹوں یا دنوں میں فون برآمد بھی ہو جاتا ہے۔

جدید اسمارٹ فونز کے حفاظتی فیچرز اور ’ای سم‘ کا کردار

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی فون اور سیم سنگ جیسے جدید اسمارٹ فونز میں اب سیکیورٹی کے ایسے فیچرز موجود ہیں جو انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرتے ہیں۔

مثال کے طور پر آئی فون میں موجود ای سم سسٹم کی بدولت اگر چور فون کو ری سیٹ بھی کر دے اور اس میں کوئی نئی سم ڈالنے کی کوشش کرے تو فوری طور پر فون کی لوکیشن ٹریس ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ ’فائنڈ مائی ڈیوائس‘ اور کلاؤڈ آئی ڈی جیسے سسٹمز فون کو مالک کی اصل شناخت کے بغیر کھلنے نہیں دیتے۔ لیکن ان تمام فیچرز کا فائدہ تب ہی ممکن ہے جب صارف نے انہیں پہلے سے ایکٹیویٹ کر رکھا ہو۔

احتیاطی تدابیر
یاد رہے کہ فون خریدتے وقت اس کا ڈبہ اور رسید ہمیشہ محفوظ رکھیں، کیونکہ یہی وہ واحد شناخت ہے جو مشکل وقت میں آپ کے قیمتی فون کی واپسی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ پبلک مقامات پر فون استعمال کرتے وقت انتہائی محتاط رہیں۔

ہمیشہ مضبوط بائیو میٹرک لاک (فنگر پرنٹ یا فیس لاک) کا استعمال کریں اور اپنا ڈیٹا باقاعدگی سے کلاؤڈ پر بیک اپ کرتے رہیں تاکہ فون کھو جانے کی صورت میں آپ کی معلومات محفوظ رہیں۔

اپنے فون کا آئی ایم ای آئی نمبر کسی محفوظ جگہ پر لکھ کر رکھیں۔

فون چوری ہونا ایک مشکل صورتحال ضرور ہے، لیکن جدید ٹیکنالوجی، حکومتی اقدامات اور بروقت کارروائی کے ذریعے نہ صرف نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ فون واپس حاصل کرنے کے امکانات بھی بڑھائے جا سکتے ہیں۔

Read Comments