بنوں: تھانہ ڈومیل پر خوارج کا خودکش حملہ، بچے، خواتین سمیت 5 افراد شہید
بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن کے گیٹ سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، دھماکے میں 5 افراد جاں بحق 18 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے ڈومیل میں ایک خودکش حملہ آور نے تھانے پر حملے کی کوشش کی، تاہم مؤثر حفاظتی اقدامات کے باعث وہ اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکا اور اس نے تھانے کے باہر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا۔
حملے کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے جن میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں، جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں اور شہدا کی لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔
اعلیٰ سکیورٹی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر بنوں کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں، تاہم سکیورٹی ادارے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
سکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔