دیدار اور ریشم تنازع پر اداکارہ ریما کا اہم پیغام

اداکارہ ریشم اور دیدار کے درمیان تنقیدی پیغامات اور جوابی تبصرے جاری ہیں۔
شائع 03 اپريل 2026 01:21pm

معروف پاکستانی اداکارہ اور ہدایتکارہ ریما خان نے سوشل میڈیا پر سلیبریٹی جھگڑوں اور تنازعات کے حوالے سے ایک قیمتی مشورہ شیئر کیا ہے۔

ریما خان ان دنوں امریکہ میں مقیم ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو میں ”خاموشی“ کو سب سے بڑا ہتھیار قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ مشورہ براہِ راست اداکارہ ریشم کے لیے ہے، جو ان دنوں دیدار کے الزامات کا جواب دینے میں مصروف ہیں۔

ریما خان نے اپنی ویڈیو میں زندگی کے تلخ تجربات کا نچوڑ پیش کرتے ہوئے کہا: ’زندگی نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے، مگر ایک سبق خاص طور پر یادگار رہا کہ ہر لڑائی لڑنے کے قابل نہیں، ہر بحث عزت نہیں بڑھاتی اور ہر شخص توجہ کے قابل نہیں ہوتا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’زندگی سے یہ سیکھیں کہ کب خاموش رہنا سب سے طاقتور فیصلہ ہوتا ہے۔ کچھ فیصلے وقت پر چھوڑ دیں اور اپنی توانائیاں غلط لوگوں پر ضائع نہ کریں۔ کیونکہ کبھی کبھی خاموشی ہی سب سے طاقت ور جواب ہوتا ہے۔‘

ریما نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’خاموشی کمزوری نہیں ہوتی، یہ طاقت، حکمت اور کنٹرول سے بھری ہوتی ہے۔ یہ وہاں جیتتی ہے جہاں شور ناکام ہو جاتا ہے۔‘

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خاص طور پر اس وقت زیرِ بحث آئی ہے جب اداکارہ ریشم اور دیدار کے درمیان تنقیدی پیغامات اور جوابی تبصرے سامنے آئے۔

اداکارہ دیدار نے ایک ٹی وی شو میں ریشم پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں حقیقی زندگی میں ایک ”منفی انسان“ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے کئی گھر برباد کیے۔

ان الزامات کے جواب میں ریشم نے بھی سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ان کے فلاحی کاموں، خاص طور پر لنگر کے کام، سے حسد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد کی اپنی شناخت نہیں ہوتی اور دوسروں کے نام کے سہارے پہچانے جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کے خیال میں ریما خان کا مشورہ بالواسطہ طور پر ریشم کے لیے تھا، جبکہ دیگر نے کہا کہ یہ مشورہ واقعی بہت لوگوں کے لیے قیمتی اور سبق آموز ہے۔

Read Comments