امریکی سپر ماڈل جیجی حدید کی ایپسٹین فائلز میں نام آنے پر وضاحت

گیگی حدید نے انسٹاگرام پر ایک مداح کے تبصرے کے جواب میں اس معاملے پر ردِ عمل دیا۔
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2026 11:05am
فلسطین نژاد امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے انسٹا گرام پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیفری ایپسٹین سے متعلق جاری دستاویزات میں اپنے نام کا ذکر ان کے لیے انتہائی پریشان کن ہے اور انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیجی حدید اور ان کی بہن بیلا حدید کا ذکر دسمبر 2015 کی ایک ای میل گفتگو میں سامنے آیا، جو ایپسٹین اور ایک نامعلوم فرد کے درمیان ہوئی تھی۔ اس ای میل میں نامعلوم شخص نے حدید بہنوں کی کامیابی پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کے ماڈل بننے اور زیادہ کمائی کرنے کی وجوہات پوچھی تھیں۔
ایپسٹین نے اس سوال کا مختصر جواب دیا، جب کہ گفتگو میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ ان کے والد نے ایجنسی کو ادائیگی کی، جس کی ایپسٹین نے تردید کی اور کہا کہ ان کی کامیابی کی وجہ ہدایات پر عمل کرنا ہے۔

یہ ای میلز ان لاکھوں دستاویزات کا حصہ ہیں جو رواں سال امریکی محکمۂ انصاف نے اپنی تحقیقات کے سلسلے میں جاری کیں۔ یاد رہے کہ ایپسٹین 2019 میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات کے دوران جیل میں ہلاک ہو گیا تھا۔

جیجی حدید نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مداح کے تبصرے کے جواب میں اس معاملے پر وضاحت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ای میل کو پڑھ کر انہیں شدید ناگواری محسوس ہوئی کیونکہ ایک ایسا شخص، جس سے وہ کبھی نہیں ملیں، ان کے بارے میں اس انداز میں بات کر رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس لیے خاموش رہیں تاکہ حقیقی متاثرین کی کہانیوں سے توجہ نہ ہٹے، تاہم اب وضاحت ضروری سمجھتی ہیں۔ جیجی نے تسلیم کیا کہ وہ ایک مراعات یافتہ پس منظر میں پلی بڑھیں اور ان کے والدین، یولانڈا حدید اور محمد حدید، نے انہیں ماڈلنگ ایجنسیوں تک رسائی دلانے میں مدد دی، مگر انہوں نے اپنی کامیابی کے لیے مسلسل محنت کی۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ ایپسٹین فائلز میں نام آنا ان کے لیے نہایت تشویش ناک ہے اور وہ اس بات کی دوٹوک تردید کرتی ہیں کہ ان کا اس شخص سے کبھی کوئی تعلق رہا ہو۔

Read Comments