’شہباز شریف نہیں شاباش شریف‘، ایران امریکا سیز فائر پر فنکاروں کا ردعمل
پاکستانی فنکاروں نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ بندی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے جاری ایران امریکا جنگ نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔
اس دوران کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور حالات ایک بڑے عالمی تنازع کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے تھے۔
جنگ میں ایران کی اعلیٰ قیادت کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
تاہم حالیہ پیش رفت میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی (سیزفائر) طے پا گئی ہے، جس میں پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے مذاکرات میں سہولت کاری کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور امن بحال کرنے میں کلیدی کردار نبھایا۔
پاکستان کے اس مثبت کردار کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اس پیش رفت پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
فنکاروں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے نہ صرف خطے میں امن کی امید پیدا ہوئی ہے بلکہ دنیا ایک بڑے تباہ کن تصادم سے بھی بچ گئی ہے۔
کئی معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر یہ جنگ جاری رہتی تو اس کے اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے تھے۔
مشہور اینکر اور صحافی وسیم بادامی نے خدا کا شکر اد کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کو عسکری کامیابی کے بعد سفارتی محاذ پر بھی کامیابی ملی ہے۔ آج کا دن ہم سب کے لیے یادگار دن ہے۔‘
اداکار توثیق حیدر نے کہا،”آج کا دن امن پسند لوگوں کے لیے بہت بڑا ہے۔ دنیا جنگ سے نکل کر امن کی جانب بڑھ رہی ہے اور اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ دنیا کو انگلی پکڑ کرامن کی طرف لے جانے والا میرا پیارا وطن پاکستان ہے۔“
گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے انسٹاگرام پر کہا، ”ایران-امریکہ جنگ بندی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اور پاکستان نے عالمی سطح پر اہم کردار ادا کیا، الحمدللہ۔“
ڈاکٹر شائستہ لودھی نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا ہے۔
اداکار بلال قریشی نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا:
“سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن آج شہباز شریف نہیں، شاباش شریف! “