ادا کارہ دیدار کا معافی مانگنے سے صاف انکار: ریشم کے خلاف مزید انکشافات

صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی صلح کی اپیل کے باوجود وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
شائع 09 اپريل 2026 09:24am

پاکستانی فلم اور اسٹیج کی معروف اداکارہ دیدار اور ماضی کی سپر اسٹار ریشم کے درمیان لفظی جنگ تاحال جاری ہے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب نجی چینل کے ایک پروگرام میں اداکارہ دیدار نے ریشم کو زہریلی شخصیت قرار دیتے ہوئے ان پر دوسروں کی زندگیاں برباد کرنے کا الزام لگایا تھا۔ جس کے بعد دونوں کے درمیان لفظی گولہ باری کا محاذ کھل گیا۔

معاملہ اس حد تک سنگین ہوگیا کہ صوبائی وزیرعظمیٰ بخاری کو مداخلت کرنا پڑی۔

انہوں نے دونوں اداکاروں کو ایک دوسرے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے سے منع کیا اور خاص طور پر دیدار سے معافی مانگنے کو کہا۔

صوبائی وزیر نے ریشم کے فلاحی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کے کردار پر بات کرنا اور خاص طور پر ان کی نیازوں کو تنقید کا نشانہ بنانا اخلاقیات کے دائرے سے باہر ہے اور اللہ کو بھی ناپسند ہے۔

ریشم نے عظمیٰ بخاری کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے دوست نعمت ہوتے ہیں۔

تاہم دیدار نے اپنے موقف پر ڈٹتے ہوئے معافی مانگنے سے صاف انکار کردیا ہے اور کہا کہ،’ کوئی مجھے زبردستی معافی مانگنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔‘

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ریشم کے ماضی پر کڑی تنقید کی ۔

انہوں نے ریشم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’وہ آج میرا نام لینا بھی پسند نہیں کرتے، لیکن ایک وقت تھا جب وہ میرے ساتھ ہی اٹھتے بیٹھتے تھے۔ میرے گھر آتے، یہیں سوتے، یہیں ناشتہ کرتے، دوپہر اور رات کا کھانا بھی میرے ساتھ ہی کھاتے تھے۔‘

دیدار نے کہا کہ ’وہ مجھے کسی بھی وقت کال کر لیتے تھے، کبھی کبھی تو مجھ سے پہلے ہی میرے گھر پہنچ جاتے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’آج ہم ہی انہیں برے لگنے لگے ہیں۔ اگر وہ ایسا سوچتے ہیں تو یہ ان کی اپنی سوچ ہے، میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔‘

دیدار نے کہا، ’حقیقت سب کے سامنے خود آ جائے گی اور آدھے لوگ تو پہلے ہی سچ جانتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ فلم ’چوڑیاں‘ سے شہرت پانے والی دیدار ماضی میں پنجابی فلموں اور تھیٹر کی ایک نمایاں فنکارہ رہی ہیں۔ وہ اداکارہ نرگس کی بہن ہیں، جبکہ ریشم بھی پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔

یہ تنازعع تاحال ختم ہوتا نظر نہیں آ رہا اور سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات کے مداحوں کے درمیان بحث جاری ہے۔

Read Comments