پاکستان سے افغان شہریوں کا انخلا جاری، اب تک کتنے واپس جاچکے ہیں؟

روزانہ سیکڑوں افغان شہری چمن بارڈر کے راستے واپس اپنے وطن روانہ ہورہے ہیں۔
شائع 10 اپريل 2026 06:36pm

ملک بھر سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، روزانہ سیکڑوں افغان شہری چمن بارڈر کے راستے واپس اپنے وطن روانہ ہورہے ہیں۔

سرکاری اتھارٹی نادرا کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر500 سے 600 افراد چمن ہولڈنگ کیمپ پہنچ رہے ہیں، چمن کیمپ میں افغان شہریوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جارہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے چمن کیمپ میں عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ واپسی کے عمل کو منظم اور آسان بنایا جا سکے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 21 لاکھ 68 ہزار سے زائد افغان مہاجرین پاکستان سے اپنے وطن واپس جاچکے ہیں۔

دوسری جانب وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین نے پاکستان کی طویل المدتی مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے میزبانی کا حق ادا کیا، پاکستان کے لوگوں اور حکومت نے ہمیشہ تعاون کیا، ہمیں کبھی کسی سے کوئی گلہ نہیں رہا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرکے انسانی ہمدردی اور مہمان نوازی کا عملی ثبوت دیا۔

دوسری جانب طالبان رجیم میں دہشت گردوں کی سرپرستی، شدت پسندی اور دیگرغیرقانونی سرگرمیوں نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے جب کہ کلیکٹو سیکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن نے افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے کو خطے کے لیے سیکیورٹی خطرہ قرار دے دیا ہے۔

کلیکٹیو سیکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن کے مطابق خطے کے لیے افغانستان کی سرزمین سے سامنے آمنے والے سیکیورٹی خطرات کی سنگینی تاحال برقرار ہے۔

افغان میڈیا خامہ پریس کے مطابق سی ایس ٹی او نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم انتہا اور عسکریت پسند گروہ کمزور طرز حکومت اور غیر محفوظ سرحدوں کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ افغانستان کے پڑوسی ممالک کو سرحد پار دہشت گردی، اسمگلنگ اور مسلح جتھوں کی نقل و حرکت کا بڑا چیلنج بھی درپیش ہے۔

Read Comments