اسلام آباد مذاکرات سے قبل ایرانی اور امریکی قیادت کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں

پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا: وزیراعظم شہبا شریف
اپ ڈیٹ 11 اپريل 2026 10:44pm

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری اعلیٰ سطح کے سفارتی مشن کے دوران ایرانی وفد کی امریکی وفد کے ساتھ بات چیت سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات ہوئی۔

ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اگرچہ اس ملاقات کی تفصیلات کا انتظار ہے، تاہم اسے امریکا کے ساتھ ہونے والے بڑے مذاکرات سے قبل ایک انتہائی اہم قدم قرار دیا گیا جہاں پاکستان ایک مخلص میزبان اور سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ایران کی ’مہر‘ نیوز ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران امریکا کے ساتھ ان مذاکرات میں مکمل عدم اعتماد کے ساتھ شامل ہو رہا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے بار بار وعدہ خلافیوں اور سفارتی دھوکہ دہی کی وجہ سے ہمیں ان پر بھروسہ نہیں ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایران اپنے عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پوری قوت کے ساتھ لڑے گا اور کسی صورت اپنے جائز مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ جے ڈی وینس کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبا شریف کا کہنا تھا پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کا خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (آئی آر این اے) کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں براہِ راست مذاکرات جاری ہیں۔ دونوں ممالک پہلی بار اس مرحلے پر آمنے سامنے بیٹھ کر بات چیت کر رہے ہیں۔

ان انتہائی اہم مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جب کہ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں۔

Read Comments