شادی سے متعلق والد کی پیشگوئی سچ ثابت ہوئی: نادیہ افگن

مشکل وقت میں والد نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
شائع 12 اپريل 2026 09:15am

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا کہ ان کے والد کی شادی سے متعلق پیشگوئی درست ثابت ہوئی، مگر مشکل وقت میں انہی کے سہارے وہ اس رشتے سے نکل کر آگے بڑھ سکیں۔

حال ہی میں وہ آمنہ حیدر عیسانی کے یوٹیوب شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک حساس پہلو پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد بڑے دور اندیش تھے اور انہوں نے انہیں پہلی شادی سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ یہ رشتہ زیادہ دیر نہیں چل پائے گا۔

ان کے مطابق والد نے کہا تھا کہ تم دونوں ایک دوسرے سے بہت مختلف ہو اور کوئی بھی باپ اپنی اولاد کے لیے ہمیشہ بہتر ہی سوچتا ہے۔

نادیہ افگن نے مزید بتایا کہ شادی کے موقع پر جب ان کی بارات لاہور سے راولپنڈی آئی تھی تب بھی ان کے والد نے انہیں کہا کہ ابھی بھی وقت ہےمہمانوں کو کھانا کھلا کر واپس بھیج دو۔

بقول نادیہ والد نے زور دیا کہ اگر تم چاہو تو یہ فیصلہ بدل سکتی ہو اور گھر والے اس بات پر ناراض نہیں ہوں گے۔ تاہم، انہوں نے اپنے والد کی بات نہ مانی اور کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

اداکارہ کے مطابق، شادی کے چند ماہ بعد ہی انہیں احساس ہو گیا تھا کہ ان کے والد کی بات درست تھی، مگر اس کے باوجود انہوں نے رشتہ نبھانے کی کوشش کی۔ ایک سال تک حالات بہتر نہ ہوئے تو آخرکار انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔

اس مشکل وقت میں ان کے والد نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور انہیں حوصلہ دیا کہ اگر رشتہ خوشی نہ دے تو اسے ختم کر دینا بہتر ہے، خاص طور پر بچوں سے پہلے۔ ورنہ بہت دیر ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی چیز واضح طور پر غلط محسوس ہو تو اپنا قیمتی وقت اسے ٹھیک کرنے میں ضائع کرنے کے بجائے اسے چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔

نادیہ افگن کے مطابق والد نے ہر قدم پر میری حوصلہ افزائی کی، انہوں نے مجھ سے کہا کہ کوئی بات نہیں تم اپنے باپ کے گھر واپس آسکتی ہو، بجائے اس کے کہ زندگی بھر سسکتی رہو اور انہی کی بدولت میں اپنی زندگی کے اس بڑے صدمے سے نکل سکی۔

اداکارہ نے کہا کہ زندگی میں بعض اوقات آگے بڑھ جانا ہی بہترین فیصلہ ہوتا ہے اور انسان کو وقت پر حقیقت کو قبول کر لینا چاہیے۔

نادیہ افگن تقریباً 27 سال سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اپنی شاندار اداکاری کے باعث مداحوں میں خاصی مقبول ہیں۔

انہوں نے کامیڈی سیریل ’شاشلیک‘ سے شہرت حاصل کی اور اس کے بعد کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جن میں ’سنو چندا‘، ’کالا ڈوریا‘ اور’کابلی پلاؤ‘ شامل ہیں۔

Read Comments