’کون سمے‘: رنویر الہٰ آبادیہ کا سمے رائنا کے طنز پر کرارا جواب
مشہور بھارتی پوڈ کاسٹر رنویر الہٰ آبادیہ اور اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا کے درمیان جاری لفظی جنگ نے سوشل میڈیا پر ایک نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔
حال ہی میں رنویر نے سمے رائنا کے کامیڈی شو ”اسٹل الائیو“ میں خود پر کیے گئے طنز کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب دوسروں کا نہیں بلکہ ان کا اپنا سمے چل رہا ہے۔
اس معاملے نے اس وقت دوبارہ سر اٹھایا جب سمے رائنا نے اپنے حالیہ شو ’اسٹیل الائیو‘ میں پرانی ویڈیوز اور شو ”انڈیاز گاٹ لیٹنٹ“ تنازع کا ذکر کیا۔
سمے نے انکشاف کیا کہ اس شو کے دوران رنویر الہٰ آبادیہ نے ایک انتہائی نامناسب اور اخلاقی حدود سے گرا ہوا سوال ایک بار نہیں بلکہ آٹھ بار دہرایا تھا۔
سمے کے مطابق، انہوں نے ایڈیٹنگ کے دوران 99 فیصد نازیبا مواد کو حذف کر دیا تھا تاکہ ناظرین تک غلط پیغام نہ پہنچے۔
بعد ازاں ایک پاپرازی ویڈیو میں جب رنویر الہٰ آبادیہ سے سمے رائنا کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: ”سمے؟ کون سمے؟ کیا سمے؟ یہ ہمارا وقت ہے، میرا وقت اب شروع ہوا ہے۔“
اس جملے نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی اور لوگوں نے اسے ایک پراعتماد اور طنزیہ جواب قرار دیا۔
ایک اور کلپ میں رنویر نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر نرم اور مثبت انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ مثبت سوچ اور مزاح کو زندگی کا حصہ سمجھتے ہیں اور ہمیشہ مسکراتے رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں خود بھی مذاق کا شوقین ہوں اور ہمیں زندگی میں صرف مثبت چیزوں کو جگہ دینی چاہیے، کیونکہ آپ جو سوچتے ہیں وہی آپ کے ارد گرد ظاہر ہوتا ہے۔‘
یہ تنازع پہلی بار 2025 میں سامنے آیا جب ”انڈیاز گاٹ لیٹنٹ“ کی ایک قسط میں پوچھے گئے متنازع سوال پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر احتجاج، ایف آئی آرز اور قانونی کارروائیاں بھی ہوئیں۔
نیشنل کمیشن فار ویمن نے بھی اس معاملے میں مداخلت کی، جس کے بعد رنویر الہٰ آبادیہ نے تحریری معافی بھی پیش کی۔
رنویر الہٰ آبادیہ اب اس تمام صورتحال سے نکل کر خود کو ’پُراعتماد‘ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سمے رائنا کے نئے انکشافات نے ایک بار پھر عوام کو اس پرانے واقعے کی یاد دلا دی ہے جس نے رنویر کی عوامی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔