بھارت میں مہنگی ترین فلم ریلیز سے پہلے لیک، 6 افراد گرفتار
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سائبر کرائم ونگ نے اداکار وجے کی فلم ’جانا نائگن‘ کے غیر قانونی آن لائن لیک پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 300 سے زائد پائریسی لنکس بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو سائبر کرائم ونگ نے فلم ‘جانا نائگن’ کے ہائی ڈی پرنٹ کو غیر قانونی طور پر آن لائن شیئر کرنے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی فلم کے پروڈیوسرز کے وی این پروڈکشنز کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد عمل میں آئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ فلم کو مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بغیر اجازت شیئر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق 9 اپریل کو فلم کے کئی کلپس اور بعض صورتوں میں مکمل فلم انٹرنیٹ پر لیک ہو گئی تھی، جس کے بعد سائبر کرائم حکام نے فوری تحقیقات شروع کیں۔
رپورٹ کے مطابق اس کیس میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ، کاپی رائٹ ایکٹ اور سنیماٹوگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سائبر کرائم ونگ نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے غیر قانونی لنکس کی نشاندہی، ڈیجیٹل فرانزک تجزیہ اور مواد اپ لوڈ کرنے والوں کا سراغ لگانے پر کام کیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے کلاؤڈ اسٹوریج اور شیئرڈ ڈرائیو لنکس کے ذریعے فلم کو پھیلایا۔ حکام نے ملزمان سے ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
سائبر کرائم ونگ کے مطابق اب تک 300 سے زائد غیر قانونی لنکس کو بلاک کیا جا چکا ہے جبکہ مزید لنکس ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ حکام سوشل میڈیا، ویب سائٹس اور فائل شیئرنگ پلیٹ فارمز کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ فلم کی مزید غیر قانونی تقسیم روکی جا سکے۔
ادارے نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ فلم یا کسی بھی کاپی رائٹ مواد کی غیر قانونی ڈاؤن لوڈنگ یا شیئرنگ سے گریز کریں، کیونکہ یہ قابلِ سزا جرم ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب فلم کے پروڈیوسرز نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی لنکس فوری طور پر ڈیلیٹ کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فلم کے مرکزی اداکار وجے نے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، کیونکہ وہ ان دنوں اپنی سیاسی جماعت کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ ’جانا نائگن‘ ایک کمرشل فلم ہے جس میں سیاسی رنگ بھی شامل ہے، تاہم سنسر بورڈ کی جانب سے بعض مناظر پر اعتراض کے بعد اس کی ریلیز میں تاخیر کا سامنا ہے اور تاحال فلم کو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔