انسٹاگرام نے کمنٹس ایڈِٹ کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا

15 منٹ کے اندر متعدد بار تبدیلی کی سہولت، غلطیاں درست کرنا آسان
شائع 13 اپريل 2026 12:08pm

انسٹا گرام نے صارفین کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب کمنٹس کو پوسٹ کرنے انساٹا گرام کے بعد محدود وقت کے اندر ایڈٹ کیا جا سکے گا، یہ سہولت طویل عرصے سے صارفین کی جانب سے مانگی جا رہی تھی۔

میٹا ملکیت رکھنے والے پلیٹ فارم انسٹا گرام نے اعلان کیا ہے کہ صارفین اب اپنے کیے گئے کمنٹس کو پوسٹ کرنے کے بعد 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر مرحلہ وار دنیا بھر میں متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کا مقصد صارفین کو اپنی تحریر میں موجود غلطیوں کو درست کرنے یا ردوبدل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

نئے فیچر کے تحت صارفین اپنے کمنٹ کے نیچے موجود ’ایڈٹ‘ کے آپشن پر کلک کر کے متن میں تبدیلی کر سکیں گے۔ ایڈٹ کرتے وقت ایک نیا پاپ اپ کھلے گا جس میں کمنٹ کو تبدیل کر کے دوبارہ محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

انسٹا گرام کا کہنا ہے کہ صارفین 15 منٹ کی مقررہ مدت کے اندر جتنی بار چاہیں کمنٹ ایڈٹ کر سکتے ہیں، تاہم اس میں کچھ حدود بھی رکھی گئی ہیں۔

کمپنی کے مطابق صرف کمنٹ کا ٹیکسٹ حصہ ہی تبدیل کیا جا سکے گا، اگر کمنٹ میں تصویر شامل ہو تو اسے ایڈٹ نہیں کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ایڈٹ کیے گئے کمنٹ کے ساتھ ایک سرمئی رنگ کا ’ایڈیٹ‘ لیبل بھی ظاہر ہوگا تاکہ دیگر صارفین کو معلوم ہو سکے کہ اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔

البتہ انسٹاگرام کی جانب سے کمنٹ کی پرانی شکل دیکھنے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، یعنی ایڈٹ کے بعد اصل کمنٹ دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ انسٹا گرام پر پوسٹس کے کیپشنز کو ایڈٹ کرنے کی سہولت 2014 سے موجود تھی، تاہم کمنٹس کو ایڈٹ کرنے کا فیچر اب جا کر متعارف کروایا گیا ہے۔

Read Comments