کراچی میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم، جرائم پیشہ گاڑیوں کی فوری شناخت ممکن

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے پہلے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔
شائع 13 اپريل 2026 06:09pm

کمیونٹی پولیسنگ کراچی (سی پی کے) کے تعاون سے اینٹی وہیکل لیفٹنگ سیل (اے وی ایل سی ) کے ایس ایس پی آفس میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، جس کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے افتتاح کیا ہے۔ کمیونٹی پولیس چیف مراد سوہنی کا کہنا ہے کہ جدید کیمروں سے لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر میں جرائم میں ملوث گاڑیوں کی شناخت محض 30 سیکنڈ میں ہوجائے گی۔

پیر کو وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے اے وی ایل سی آفس کراچی میں منعقدہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سی پی کے کے پہلے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں جرائم کی روک تھام کے لیے کمیونٹی پولیسنگ اور سیف سٹی پروجیکٹ کے حکام کے درمیان ملاقات کرائی جائے گی تاکہ درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے کیمروں کی مرمت کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی پولیس چیف مراد سوہنی نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں جدید ترین ہائی ٹیک ANPR (آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن) کیمروں سے لیس نظام نصب کیا گیا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر میں جرائم میں ملوث گاڑیوں کی شناخت محض تیس سیکنڈ کے اندر ممکن ہوسکے گی، جس سے جرائم کی روک تھام، مشتبہ گاڑیوں کی نگرانی اور فوری کارروائی میں نمایاں بہتری آئے گی، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کو مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

مراد سوہنی نے بتایا کہ سی پی کے 4 سال قبل قائم ہوا اور آج شہر بھر میں اس کے 18 سینٹرز فعال ہیں جو کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ شہر کے چالیس تھانوں میں کیمروں کی تنصیب کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے جرائم کی شرح میں واضح کمی متوقع ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جدید کیمروں کے استعمال سے کرائم ڈیٹیکشن میں 60 فیصد تک بہتری آئی ہے۔

Read Comments