بنگلہ دیشی کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

36 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں 159 بین الاقوامی میچز پر مشتمل کیریئر کا اختتام کرنے کا اعلان کیا۔
شائع 15 اپريل 2026 10:58pm

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر روبیل حسین نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، 36 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں 159 بین الاقوامی میچز پر مشتمل کیریئر کا اختتام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بنگلہ دیشی فاسٹ بولر روبیل حسین نے بدھ کے روز اپنے فیس بک پیغام میں بتایا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں تاہم وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے 27 ٹیسٹ، 104 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور قومی ٹیم ہمیشہ ان کا جذبہ رہی ہے لیکن اب وقت آ گیا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ ہو جائیں۔

روبیل حسین نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ اپریل 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں کھیلا تھا۔ اس کے بعد انجریز کے باعث وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی زیادہ متحرک نہیں رہے۔

ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ 2015 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا میچ تھا، جہاں انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے اہم بلے باز این بیل اور کپتان اوئن مورگن کو چند گیندوں کے وقفے سے آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کی وکٹیں بھی حاصل کیں اور مجموعی طور پر 53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین نے اپنے کیریئر کا آغاز 2009 میں کیا، وہ اپنی منفرد بولنگ ایکشن اور 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔

بنگلہ دیشی کرکٹر نے اپنے ون ڈے ڈیبیو میں سری لنکا کے خلاف 4 وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کو فتح دلائی اور اس فارمیٹ میں مجموعی طور پر 129 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ریٹائرمنٹ کے وقت بنگلہ دیش کے پانچویں کامیاب ترین ون ڈے بولر ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 27 میچز میں 36 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر روبیل حسین نے مداحوں، اہل خانہ، دوستوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی انہیں اسی طرح سپورٹ حاصل رہے گی۔

Read Comments