پی ایس ایل 11: گلین میکسویل نے اہم سنگ میل عبور کرکے تاریخ رقم کر دی
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے حیدر آباد کنگزمین کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں ایک شاندار سنگ میل عبور کر کے تاریخ رقم کردی ہے۔
آل راؤنڈر گلین میکسویل نے حیدرآباد کنگزمین ار راولپنڈیز کے درمیان جمعرات کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران 10 ہزار رنز اور 200 وکٹیں مکمل کرکے ایک منفرد اعزاز حاصل کیا، اس طرح وہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔
میچ کے دوران گلین میکسویل نے تیسرے اوور میں راولپنڈیز کے بلے باز عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے اپنی 200 ویں وکٹ مکمل کی، جو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ بھی کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گلین میکسویل نے اب تک ٹی 20 کرکٹ کے 505 میچز میں 11009 رنز اور 200 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ 735 میچز میں 14482 رنز اور 333 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گلین میکسویل پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں شرکت کر رہے ہیں اور انہیں جدید دور کے خطرناک ترین ٹی20 بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں میکسویل 130 میچز میں 2897 رنز بنا چکے ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 154.42 ہے جب کہ وہ 5 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں، اس کے علاوہ وہ 51 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔
اس سے قبل راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے، محمد علی اور حنین شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ سیم بلنگز 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جواب میں حیدرآباد کنگز نے مطلوبہ ہدف 16.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور یوں ایونٹ میں مسلسل تیسری فتخ حاصل کرلی جب کہ اس فتح کے بعد حیدر آباد کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر براجمان ہوگئی۔