کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد گرفتار

حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مشترکہ آپریشن لیاری میں کیا گیا۔
شائع 17 اپريل 2026 05:21pm

کراچی میں دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام ہوگئی، حساس ادارے اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی کراچی کے علاقے لیاری میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا جب کہ گرفتار ملزمان میں عمران ولد علی محمد اور اس کے دیگر ساتھی شامل ہیں۔

دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ شہر میں کسی بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول اور 18 گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جو حکام کے مطابق شہر میں ٹارگٹ کلنگ یا تخریب کاری کے لیے استعمال ہونی تھیں۔

سی ٹی ڈی نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے پورے گروہ کا قلع قمع کیا جا سکے۔

Read Comments