وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتِ حال پر گفتگو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیامِ امن کے لیے کوششوں پر شکریہ ادا کیا
شائع 19 اپريل 2026 11:17pm

وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتِ حال اور امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے مرحلے سے قبل دونوں رہنماؤں نے تقریباً 45 منٹ طویل گفتگو کی، جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور اس کے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے جاری مذاکرات میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششیں نہایت معاون ثابت ہوئی ہیں۔

شہبازشریف نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے حالیہ دورہ تہران کے دوران ہونے والی تعمیری بات چیت پر بھی ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششوں کو سراہا اور ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔

Read Comments