نواب شاہ: تھانے میں قیدی کی پراسرار ہلاکت، پولیس کا بیان سامنے آگیا

پولیس کا مؤقف ہے کہ زیرحراست ملزم نے تھانے کے باتھ روم میں پھندا لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کی: ذرائع
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2026 12:52pm

نواب شاہ میں بی سیکشن پولیس تھانے کے لاک اپ میں زیرِ حراست ملزم ارشد بھٹی کی پراسرار ہلاکت کے بعد صورتحال پیچیدہ ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول کے ورثا نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ارشد بھٹی کو دورانِ حراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

ورثا کا کہنا ہے کہ متوفی ارشد بھٹی کا تعلق شہدادپور سے تھا اور وہ پیشے کے لحاظ سے موبائل ٹیکنیشن تھا۔ واقعے کے بعد اہلخانہ اور مقامی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تین روز قبل چوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد اسے گزشتہ رات حراست میں لیا گیا تھا۔

پولیس کا مؤقف ہے کہ زیرحراست ملزم نے تھانے کے باتھ روم میں پھندا لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گی۔

واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہریوں نے بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Read Comments