پاک بحریہ کا دشمن جہازوں کو ڈبونے والے ’تیمور‘ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع میں ایک اور بڑی کامیابی سامنے آئی ہے جہاں پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس جدید اینٹی شپ ویپن سسٹم کا لائیو فائرنگ کے ذریعے کامیاب مظاہرہ کیا گیا، اس دوران میزائل نے اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
اس تجربے کا بنیادی مقصد طویل فاصلے تک سمندری اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت کی تصدیق کرنا تھا، جس میں یہ میزائل تمام معیاروں پر پورا اترا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس سے دشمن کے سمندری خطرات کو بروقت ناکام بنانے کی صلاحیت مزید نمایاں ہوئی ہے۔
اس میزائل کی کامیابی سے پاکستان کی دفاعی قوت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور مسلح افواج کی ہر سمت سے وار کرنے کی طاقت یعنی ملٹی ڈائمینشنل اسٹرائیک کی صلاحیت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
یہ پیش رفت ملکی دفاع کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی جانب ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
اس عظیم کامیابی پر صدر مملکت، وزیر اعظم اور سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور خاص طور پر ان سائنسدانوں اور انجینئرز کی تعریف کی ہے جن کی محنت سے یہ میزائل تیار ہوا۔
اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی سلامتی اور سمندری سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاک بحریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہماری فورس ہر قسم کے چیلنجز اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔