جاپان میں فوجی مشق کے دوران ٹینک کے اندر گولہ پھٹنے سے 3 فوجی ہلاک
جاپان کے جنوبی علاقے میں فوجی تربیتی مشق کے دوران ایک ٹینک کے اندر گولہ پھٹنے سے 3 فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ منگل کے روز اوئیتا صوبے کے ہیجودائی ٹریننگ ایریا میں اس وقت پیش آیا جب لائیو فائر مشق جاری تھی، جس میں دو دیگر ٹینک بھی حصہ لے رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے وقت ٹائپ 10 مین بیٹل ٹینک کے گن ٹرٹ کے اندرموجود 3 فوجی ٹینک کمانڈر، گنر اور سیفٹی افسر ہلاک ہو گئے جب کہ ٹینک میں موجود چوتھا اہلکار، جو ڈرائیور تھا، واقعے میں شدید زخمی ہونے کے باوجود زندہ بچ گیا۔
جاپان گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف ماسایوشی آرائی نے بتایا ہے کہ حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے تک ٹائپ 10 اور ٹائپ 90 ٹینکوں کے ساتھ لائیو فائر مشقیں معطل کر دی گئی ہیں کیوں کہ دونوں میں ایک ہی نوعیت کے گولے استعمال ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا فوری تعین کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ ٹائپ 10 مین بیٹل ٹینک جاپان کا جدید ترین ٹینک ہے، جس کی تعیناتی 2011 میں شروع کی گئی تھی۔