بھارتی میڈیا چینل ہیک، طالبان نے بھارت سے تعلقات پر متنازع پیغام نشر کردیا

’’ٹرو مسلم افغان‘‘ گروپ کی ذمہ داری قبول، 30 ملین فالوورز رکھنے والا نیٹ ورک نشانہ
اپ ڈیٹ 23 اپريل 2026 10:49am

افغانستان سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے بھارتی میڈیا چینل کو ہیک کرکے اپنا خصوصی پیغام نشر کرتے ہوئے افغان طالبان کے بھارت کے ساتھ تعلقات کو مسترد کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نیٹ ورک ’ون انڈیا‘ کو ہیک کرلیا گیا، جس کے بعد نشریات غیر معمولی پیغامات کی نمائش کا ذریعہ بن گئیں۔

رپورٹس کے مطابق اس نیٹ ورک کے سوشل پلیٹ فارمز پر 30 ملین سے زیادہ فالوورز موجود ہیں۔

ہیکنگ کی ذمہ داری ایک گروپ نے قبول کی ہے جو خود کو ’ٹرو مسلم افغانز‘ کہتا ہے۔

گروپ نے اس کارروائی کے دوران اصل افغان پرچم کی نمائش کی اور طالبان کے بھارت کے ساتھ تعلقات کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ہیکرز نے نشریاتی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے اپنے سیاسی پیغامات واضح انداز میں پیش کیے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ محض سائبر حملہ نہیں بلکہ جغرافیائی و سیاسی پیغام رسانی کی ایک مثال بھی ہے۔

واقعے کے بعد ون انڈیا کی ساکھ کو دھچکا پہنچنے کے ساتھ ساتھ اس معاملے نے بھارت، طالبان اور افغان امور کو بھی خبروں میں لا کھڑا کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کے بعد ڈیجیٹل دہشتگردی پر اتر آیا ہے، آپریشن بنیان مرصوص میں بدترین ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارت کے پاکستان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے جاری ہیں۔

گزشتہ روز بھارت کی جانب سے ایک غیر معروف پاکستانی ٹی وی چینل کو ہیک کرکے اس پر پاکستان مخالف مواد نشر کیا گیا تھا۔

تاہم یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں جہاں افواج پاکستان نے میدان جنگ میں بھارت کو ناکوں چنے چبوائے وہیں سائبر محاذ پر بھی بھارت کو شکست فاش دی، اور بھارتی یوٹیوب چینلز پر پاکستانی کا ملی نغمہ نشر کردیا تھا۔

Read Comments