آئی فون میں ڈیلیٹ شدہ پیغامات دوسروں کو دکھانے والے بگ کا انکشاف

کوئی بھی خاص ٹولز استعمال کر کے ان ڈیلیٹ کیے گئے میسجز کو دوبارہ دیکھ سکتا ہے۔
شائع 23 اپريل 2026 10:47am

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل کی جانب سے آئی فون صارفین کی پرائیویسی سے متعلق ایک اہم سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے، جس میں ایک اہم مسئلہ ٹھیک کیا گیا ہے۔

ایپل نے آئی فون اور آئی پیڈ کے آپریٹنگ سسٹم میں موجود ایک ایسی بڑی خامی کو دور کر دیا ہے، جس کی وجہ سے مبینہ طور پر ایف بی آئی جیسے ادارے صارفین کے وہ پیغامات بھی پڑھنے کے قابل تھے جو وہ پہلے ہی ’ڈیلیٹ‘ کر چکے تھے۔

اس مسئلے کی وجہ سے کچھ حالات میں ڈیلیٹ کیے گئے میسجز بھی فون میں محفوظ رہ سکتے تھے اور بعد میں کسی خاص طریقے سے انہیں دیکھا جا سکتا تھا۔

یہ بات اس وقت سامنے آئی جب ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی ادارے ایف بی آئی نے ایک کیس میں سگنل ایپ سے ڈیلیٹ کیے گئے میسجز حاصل کیے۔ اس پر لوگوں میں تشویش پیدا ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق، آئی فون کے سسٹم میں ایک ایسا ’بگ‘ (خامی) موجود تھا جس کی وجہ سے ’سگنل‘ جیسی پرائیویسی ایپس سے پیغامات ڈیلیٹ کرنے کے باوجود ان کی کاپیاں فون کے نوٹیفکیشن ڈیٹا بیس میں ایک ماہ تک محفوظ رہتی تھیں۔

گر آپ کوئی میسج ڈیلیٹ بھی کر دیتے تھے تو اس کا کچھ حصہ فون میں محفوظ رہ سکتا تھا۔ خاص طور پر سگنل ایپ کے میسجز کے ساتھ ایسا ہونے کی بات سامنے آئی۔ کہا جا رہا تھا کہ یہ ڈیٹا نوٹیفکیشنز میں محفوظ ہو جاتا تھا اور کچھ وقت تک فون میں موجود رہتا تھا۔

اسی وجہ سے خدشہ تھا کہ کوئی بھی خاص ٹولز استعمال کر کے ان ڈیلیٹ کیے گئے میسجز کو دوبارہ دیکھ سکتا ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے اسی سقم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیلیٹ شدہ پیغامات نکالے تھے۔

ایپل نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے iOS 26.4.2 اور iPadOS 26.4.2 اپ ڈیٹس جاری کر دی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ، اب وہ نوٹیفیکیشنز جنہیں صارف ڈیلیٹ کر دے گا، وہ فون میں محفوظ نہیں رہیں گے اور فون کے اندرونی ریکارڈ سے بھی فوری طور پر ختم ہو جائیں گے۔

ایپل نے تمام صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے فون اپ ڈیٹ کریں۔

میسجنگ ایپ ’سگنل‘ کی سربراہ میریڈیتھ وائٹیکر نے ایپل کے اس فوری اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نجی گفتگو کا تحفظ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔

اپڈیٹ کے بعد سگنل نے ایکس پر لکھا:

‘ہم اس معاملے پر ایپل کے فوری اقدام کے شکر گزار ہیں۔ اس طرح کے مسائل میں ایک پورا نظام (ایکو سسٹم) درکار ہوتا ہے تاکہ پرائیویٹ کمیونیکیشن کے بنیادی حق کو محفوظ رکھا جا سکے۔‘

سگنل نے یہ بھی کہا کہ صارفین کو اپڈیٹ کے بعد کوئی اضافی قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں۔

یہ اپ ڈیٹ آئی فون 11 اور اس کے بعد آنے والے تمام ماڈلز کے لیے دستیاب ہے۔

پرانے ماڈلز کے لیے کمپنی نے iOS 18.7.8 جاری کی ہے تاکہ وہ بھی محفوظ رہ سکیں۔

اگر آپ آئی فون استعمال کرتے ہیں تو فوری طور پر اپنی سیٹنگ میں جا کر سوفٹ ویئر اپ ڈیٹ چیک کریں اور نیا ورژن انسٹال کریں تاکہ آپ کے ڈیلیٹ کیے گئے پیغامات واقعی ڈیلیٹ رہ سکیں۔

Read Comments