لاہور کے علاقے اچھرہ میں دردناک واقعہ، تین بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد
لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین کمسن بچوں کے بہیمانہ قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر بچوں کے چچا کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق اچھرہ کے ایک رہائشی فلیٹ سے دو بچیوں اور ایک بچے کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مقتولین میں دو بچوں کی عمریں پانچ اور چار سال جبکہ بچی کی عمر ڈیڑھ سال تھی۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تینوں بچوں کو سفاکانہ طریقے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد بچوں کے چچا کو حراست میں لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی چار منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر رہائش پذیر تھی اور بچوں کا والد رمضان پیشے کے اعتبار سے موٹر مکینک ہے۔
واقعے کے وقت میاں بیوی فلیٹ کو تالا لگا کر بازار گئے تھے۔ جب وہ واپس آئے تو فلیٹ بدستور بند تھا، تاہم اندر داخل ہونے پر انہیں اپنے بچوں کی لاشیں ملیں، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملوث شخص یا افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مقتولین کے اہل خانہ سےاظہارِہمدردی اور صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے سفاکانہ قتل کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے، ملزمان قانونی کارروائی اور کڑی سزاسےنہیں بچ سکیں گے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جب کہ ڈی آئی جی آپریشنز کو ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔