امریکی فوج نے ایرانی تیل سے منسلک آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ نے میجسٹک ایکس نامی جہاز کو بھارتی سمندر میں روک کر اس کی تلاشی لی۔
شائع 23 اپريل 2026 06:04pm

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرِ ہند میں ایرانی تیل سے منسلک ایک آئل ٹینکر کو روک کر قبضے میں لے لیا ہے، جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ”میجسٹک ایکس“ نامی جہاز کو بھارتی سمندر میں روک کر اس کی تلاشی لی گئی، جس کے بعد امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ نے کارروائی کرتے ہوئے اسے تحویل میں لیا۔ بیان کے مطابق مذکورہ جہاز ایران سے تیل لے جا رہا تھا اور امریکی پابندیوں کی زد میں تھا۔

امریکی محکمہ جنگ نے ایکس پر جاری بیان میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو معاونت فراہم کرنے والے جہازوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے، چاہے انہیں کہیں سے بھی آپریٹ کیا جارہا ہو، محکمہ جنگ سمندر میں غیر قانونی عناصر اور ان کے جہازوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں کو پابندیوں کا شکار عناصر کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب امریکی فوج نے جہاز تحویل میں لینے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے، جس میں امریکی اہلکاروں کو جہاز کے ڈیک پر کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل امریکی فوج نے تین تیل بردار ایرانی بحری جہازوں کو ایران سے دور روک کر ان کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق شپنگ اور سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی بھارت، ملائیشیا اور سری لنکا کے قریب سمندری حدود میں کی گئی۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں 2 بحری جہازوں پر قبضہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ایرانی بحریہ کے مطابق ان جہازوں کو اس لیے قبضے میں لیا گیا کیوں کہ انہوں نے آبنائے ہرمز کے حفاظتی انتظامات کو خطرے میں ڈالا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ دونوں جہازوں کو تحویل میں لینے کے بعد ایرانی ساحل کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔

Read Comments