پی ایس ایل 11: محمد عامر اور فہیم اشرف کے درمیان تلخ کلامی کیوں ہوئی؟ ویڈیو وائرل

واقعہ راولپنڈیز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں پیش آیا جب کہ ساتھی کھلاڑیوں نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔
شائع 23 اپريل 2026 08:19pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں راولپنڈیز کے فاسٹ بولر محمد عامر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے درمیان تلخ کلامی اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر ساتھی کھلاڑیوں نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

جمعرات کو کراچی کے نیشنل اسٹڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 11 کے 34 ویں میچ کے دوران اس وقت افسوسناک صورت حال پیدا ہوگئی جب محمد عامر اور فہیم اشرف کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی، یہ واقعہ راولپنڈیز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔

ڈرامائی صورت حال اس وقت شروع ہوئی جب اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کے دوران راولپنڈیز کے فاسٹ بولر محمد عامر نے 17 ویں اوور فہیم اشرف کو ایک سلو ڈلیوری کی، جس پر فہیم نے ریمپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں میں چلی گئی اور وہ 11 گیندوں پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جیسے ہی فہیم اشرف آؤٹ ہوئے تو محمد عامر اور فہیم شرف کے درمیان تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، دونوں ایک دوسرے کے قریب گئے اور لفظی گولہ باری شروع ہوئی۔

محمد عامر نے فہیم اشرف کو گراؤنڈ سے باہر جانے کا اشارہ کیا اور چند الفاظ کہے، جس پر پاکستان کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو عامر کا یہ رویہ پسند نہ آیا اور انہوں نے جواب میں اپنا بلا عامر کی طرف لہرایا۔ محمد عامر کی فہیم اشرف کے ساتھ اس لڑائی کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

صورت حال کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے فیلڈ میں موجود دیگر کھلاڑیوں اور امپائرز کو بیچ بچاؤ کرانا پڑا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب محمد عامر میدان میں اس قدر غصے میں نظر آئے ہوں، اس سے قبل وہ اسٹیو اسمتھ کے ساتھ بھی ایسی ہی تلخ کلامی کر چکے ہیں۔

Read Comments