بھارتی وزیر دفاع جرمنی میں آبدوز کے داخلی راستے پر پھنس گئے، ویڈیو وائرل
بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جرمنی کے دورے کے دوران ایک آبدوز کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں غیر متوقع طور پر توازن کھو بیٹھے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جرمنی کے دورے کے دوران ایک جرمن آبدوز کا معائنہ کر رہے تھے، جہاں وہ اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پھسل گئے اور مختصر طور پر داخلی حصے میں پھنس گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی راج ناتھ سنگھ آبدوز کے داخلی راستے پر قدم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا ایک پاؤں پھسل کر نیچے چلا جاتا ہے جبکہ دوسرا پاؤں اوپر والے حصے میں الجھ جاتا ہے، جس کے باعث وہ غیر متوازن ہو جاتے ہیں۔
ویڈیو کے مطابق اس موقع پر آبدوز پر موجود جرمن اہلکار فوری طور پر آگے بڑھے اور بھارتی وزیر دفاع کو سہارا دے کر صورتحال کو سنبھالنے میں مدد فراہم کی۔
یہ واقعہ جرمنی میں ان کے دورے کے دوران پیش آیا جہاں وہ دفاعی تعاون اور بحری ٹیکنالوجی کے حوالے سے مختلف تنصیبات کا معائنہ کر رہے تھے۔
واقعے کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔