نیتن یاہو کا حزب اللہ پر حملے جاری رکھنے کا اعلان
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے لیے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود اسرائیلی فوج حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کو ہدایت کی ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو سختی سے نشانہ بنائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کو واضح احکامات دیے گئے ہیں کہ وہ حزب اللہ کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کرے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے اپنے ٹیلیگرام بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد فوجی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، اور مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے نباطیہ کے ایک گاؤں پر اسرائیلی فورسز کے فضائی حملے میں 4 لبنانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ حملوں کے دوران مختلف مقامات پر زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جبکہ متعدد گھروں کو مسمار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود صورہ، نقورہ اور بنت جبیل سمیت جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے خود ساختہ ’’یلو لائن‘‘ کے اندر اور باہر بھی فوجی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔