ملک بھر میں اگلے 2 ماہ تک شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا انتباہ جاری کرتے ہوئے الرٹ کردیا ہے۔
شائع 27 اپريل 2026 09:16pm

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کا انتباہ جاری کرتے ہوئے الرٹ کردیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے جب کہ شدید گرمی کی لہر اگلے 2 ماہ تک جاری رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو سے جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، جہاں پارہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اپریل کے آخری ایام سے مئی کے پہلے ہفتے تک گرمی کی یہ شدید لہر برقرار رہے گی۔

کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافے اور حبس کی پیشگوئی کی گئی ہے، شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور بزرگوں و بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے باعث کچھ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، تاہم گرمی کی شدت مئی کے آغاز تک برقرار رہے گی۔

دوسری جانب ملک میں ہیٹ ویو کے خدشات کے باعث مئی اور جون میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، بعض علاقوں میں پارہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں موسمیاتی صورت حال کے باعث مئی اورجون کے مہینے سال کے گرم ترین مہینے رہنے کا امکان ہے، جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور جنوبی و مشرقی بلوچستان کو ہیٹ ویو سے زیادہ متاثرہ علاقے قرار دیا گیا ہے، جہاں درجہ حرارت بعض اوقات 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، ان دنوں بھی درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی علاقوں میں 29 اپریل سے 3 مئی تک ہلکی ہیٹ ویو متوقع ہے۔ دوسری جانب بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے باعث 29 اپریل سے 5 مئی کے دوران درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔

Read Comments