آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا مقامی طور پر تبار کردہ فتح-II میزائل کا کامیاب تجربہ

تربیتی لانچ کا مقصد فوجی تربیت، تکنیکی پیرامیٹرز اورسب سسٹمز کی جانچ تھا، آئی ایس پی آر
شائع 28 اپريل 2026 05:01pm

پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کرلیا ہے، تربیتی لانچ کا مقصد فوجی تربیت، تکنیکی پیرامیٹرز اور سب سسٹمز کی جانچ تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی لانچ کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل جدید ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل معاونت سے لیس ہے جب کہ تربیتی لانچ کا مقصد فوجیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی و بقا کے لیے شامل مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-II میزائل نے اپنی بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ کامیاب مشق کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر اور سروسزچیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیموں کی فنی مہارت، لگن اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی فتح-II میزائل سسٹم کے کامیاب تربیتی تجربے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا کہ کامیاب تجربہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کا شاندارکارنامہ ہے، کامیاب تربیتی تجربہ دفاعی شعبے میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سائنسدانوں اور انجینئرز کو فتح-II میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔

Read Comments