بحرین میں ایران سے مبینہ روابط کے الزام میں پانچ افراد کو عمر قید
بحرین کی عدالت نے ایران کے ساتھ مبینہ طور پر رابطوں اور سازش کے الزام میں پانچ افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، جب کہ متعدد دیگر افراد کو بھی سزائیں دی گئی ہیں۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق بحرین میں ایک اہم عدالتی فیصلے کے تحت پانچ افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے، جن پر الزام تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مل کر ’دہشت گرد اور غیر قانونی سرگرمیوں‘ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سرکاری استغاثہ کے مطابق سزا پانے والوں میں دو افغان شہری اور تین بحرینی شہری شامل ہیں، جنہیں ریاست کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا۔
بحرین کے پبلک پراسیکیوٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی شہری یا فرد کا دشمن غیر ملکی عناصر کے ساتھ رابطہ رکھنا قومی سلامتی کے لیے شدید خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے جرائم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس مقدمے میں صرف پانچ افراد ہی نہیں بل کہ مجموعی طور پر 30 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ عدالت نے دیگر 25 ملزمان کو بھی مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنائیں، جن میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید شامل ہے۔ ان افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے ایران سے منسلک مبینہ سرگرمیوں کی حمایت کی یا ان میں کسی نہ کسی شکل میں سہولت کاری فراہم کی۔
یہ کیس ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور دیگر ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بحرین طویل عرصے سے ایران پر اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کے الزامات عائد کرتا رہا ہے، جب کہ ایران ان الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔
انسانی حقوق کی معروف کارکن مریم الخواجہ نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بحرین میں افراد کو ایران کے ساتھ جاری علاقائی تنازع کے تناظر میں اس نوعیت کے الزامات کے تحت سزا دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس مقدمے کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں پر مزید بحث کی ضرورت ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ خلیجی مملکت نے 69 شہریوں کی شہریت ختم کر دی ہے۔ پیر کے روز کیے گئے اس اعلان میں بتایا گیا ہے کہ ان 69 شہریوں کو شہریت کے حق سے محروم کرنے کا فیصلہ حالیہ کشیدگی کے ماحول میں ایران کی حمایت کرنے کے سنگین جرم کے باعث کیا گیا ہے۔
بحرین کے شاہ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ ایران کی حمایت کرنے والے اور اس کے لیے جاسوسی کرنے والے عناصر سے سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی شہریت بی ختم کی جا سکتی ہے۔ اب پیر کے روز وزارت داخلہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ لوگ ایران کے بحرین کے خلاف حملوں کی حمایت کرنے کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ یہ عناصر ایران کے ساتھ ملی بھگت میں بھی شریک تھے۔
بحرینی وزارت داخلہ کے مطابق اپنے شہریوں کو حق شہریت سے محروم کرنے کا یہ اقدام آرٹیکل 10/3 کے تحت کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ قانون شہریوں کی شہریت ختم کرنے کے اختیار سے متعلق ہے۔
اس قانون میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص نے کوئی ایسا کام کیا جو بحرینی مملکت کے مفادات کے خلاف ہو یا کسی ایسے حرکت کا مرتکب ہوا جو وفاداری سے متعلق فرض کے خلاف ہو۔ تو اس صورت میں وزارت داخلہ بحرینی کابینہ سے ایسے فرد کی شہریت ختم کرنے کی درخواست کرے گی۔
بحرینی نیوز ایجنسی کے مطابق تمام متعلقہ حکام اس فیصلے پر عمل کے لیے بحرینی قانون کے تحت ضروری اقدامات کریں گے۔ جب کہ حکام بحرینی شہریت کی عزت و وقار کے پس منظر میں ایسے امور کا جائزہ لیتے رہیں گے۔