باجوڑ میں دہشت گردوں کا کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ، 3 افراد زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ایک کرکٹ گراؤنڈ پر دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹر سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت، خیبرپختونخوا کی شہری آبادی پر بزدلانہ حملوں کا تسلسل جاری ہے، باجوڑ کے علاقے ماموند کی تحصیل شاہی تنگی میں کرکٹ گراؤنڈ پر کوڈ کاپٹر کے ذریعے ایک حملہ کیا گیا، جس میں 3 افراد زخمی ہوئے، زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی حالیہ پریس ریلیز کے مطابق مارچ اور اپریل 2026 کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے مختلف سرحدی علاقوں میں بالخصوصی ماموند اور سلارزئی میں ماٹر گولے فائر کیے گئے، افغان طالبان کی باجوڑ میں سول آبادی پر فائرنگ سے 9 افراد شہید ہوئے، جن میں 3 خواتین اور 6 معصوم بچے شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے دانستہ طور پر اس وقت حملہ کیا جب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیل جاری تھا، فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کے لیے کواڈ کاپٹرز کا عام عوام پر استعمال کرتے ہیں، جس کے کئی ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج نہتے عوام کو اس لیے نشانہ بنا رہے ہیں کہ وہ سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں، شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانے کی وجہ سے عوام کے اندر فتنہ الخوارج کے لیے نفرت گہری اور شدید ہوتی جا رہی ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے حملوں کا موثر اور بھرپور جواب دیا جا رہاہے، سیکیورٹی فورسز صرف خوارج اور افغان طالبان کی پوسٹوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتی ہیں۔
واضح رہے کہ فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کے لیے کواڈ کاپٹرز کا عام عوام پر استعمال کرتے ہیں جس کے کئی ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔
