معروف کامیڈین منور فاروقی بیٹی کے باپ بن گئے

منور فاروقی نے سوشل میڈیا پر خوشخبری شیئر کردی، مداحوں سے دعاؤں کی درخواست۔
شائع 02 مئ 2026 04:01pm

معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار منور فاروقی کے گھر خوشی کی ایک نئی خبر نے مداحوں کو مسرور کر دیا ہے، جہاں ان کی اہلیہ ماہ جبین کوٹ والا کے ہاں ننھی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ منور فاروقی نے یہ خوشخبری اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی، جہاں انہوں نے ہسپتال سے لی گئی چند تصاویر بھی پوسٹ کیں۔

ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’گھر میں برکت آئی ہے اور وہ اس موقع پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔‘ ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے دعا کی درخواست بھی کی کہ اس خوشی کے لمحے میں انہیں یاد رکھا جائے۔ تصاویر میں ماہ جبین کوٹ والا اپنی نومولود بچی کو محبت سے گود میں لیے ہوئے بھی نظر آئیں، جو اس نئے سفر کی خوبصورت جھلک پیش کرتی ہیں۔

کچھ عرصہ پہلے منور فاروقی اپنی ذاتی زندگی اور ماضی کے فیصلوں کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے نظر آئے۔ فرح خان کے ولاگ میں انہوں نے اپنی دوسری شادی کے بارے میں کھل کر بات کی اور بتایا کہ یہ فیصلہ ان کے بیٹے میکائل کی زندگی اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔

منور کے مطابق، بگ باس کے بعد ان کی مصروفیات میں اضافہ ہوا اور اس دوران ان کا بیٹا عارضی طور پر ان کی بہن کے ساتھ رہ رہا تھا۔ ایک ہفتہ بیٹے کے ساتھ گزارنے کے بعد جب وہ واپس جانے لگا تو انہیں شدت سے احساس ہوا کہ وہ اپنے بیٹے کو اپنے قریب رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی جذبات ان کی زندگی کے ایک اہم موڑ کا سبب بنے۔

انہوں نے بتایا کہ اسی سوچ کے تحت انہوں نے دوبارہ شادی کا فیصلہ کیا، جبکہ ان کے مطابق ماہ جبین بھی ایک ایسی ہی صورتِ حال سے گزر رہی تھیں کیونکہ ان کی بھی ایک بیٹی ہے۔ منور نے اس گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ انہوں نے جلد بازی کے باوجود اس فیصلے کو پوری سنجیدگی کے ساتھ قبول کیا اور ماہ جبین سے اس بارے میں واضح طور پر بات کی۔

یاد رہے کہ منور فاروقی نے 2024 میں ماہ جبین کوٹ والا سے شادی کی تھی۔ اس سے قبل وہ جاسمین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھے تھے جن سے ان کا ایک بیٹا میکائل ہے، جبکہ ماہ جبین کی پہلی شادی سے ایک بیٹی سمائرہ بھی ہے۔

منور فاروقی نہ صرف کامیڈی کے میدان میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں بلکہ وہ گلوکاری اور اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں وہ ویب سیریز فرسٹ کاپی میں نظر آئے، جبکہ گزشتہ سال انہوں نے ٹی وی شو پتی پتنی اور پنگا کی میزبانی بھی کی تھی، جہاں انہوں نے ایک نئے انداز میں اپنے مداحوں کو متاثر کیا۔

Read Comments