پی ایس ایل فائنل میں پشاور بمقابلہ حیدرآباد: کس ٹیم کا پلڑا بھاری؟

بابر اعظم پشاور زلمی اور میکسویل کنگزمین کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں
شائع 03 مئ 2026 06:31pm

پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کا رنگا رنگ فائنل کچھ گھنٹوں بعد شروع ہونے جارہا ہے جس میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین آمنے سامنے ہوں گے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کو جتوا کر ٹرافی تھامنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے وہیں ڈیبیو سیزن میں فائنلسٹ بننے والی حیدرآباد کنگز مین کو بھی چیمپئن بننے کا انتظار ہے۔

پی ایس ایل سیزن 11 کا فائنل آج رات 8 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جس میں ایک جانب سیزن 2017 کی چیمپیئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی بار شریک ہونے والی حیدرآباد کنگزمین آمنے سامنے ہوں گی۔

پشاور زلمی نے کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر براہِ راست فائنل میں جگہ بنائی ہے جب کہ حیدرآباد کنگزمین نے لیگ مرحلے میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ملتان سلطانز اور تین بار کی چیمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیمیں لیگ مرحلے میں بھی مدِمقابل آ چکی ہیں، جہاں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہیں ایک سیزن میں پی ایس ایل کے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنانے کے لیے صرف ایک رن درکار ہے۔

بابر اعظم کے قذافی اسٹیڈیم میں شاندار ریکارڈ اور موجودہ فارم کے باعث انہیں پشاور زلمی کا ٹرمپ کارڈ قرار دیا جارہا ہے۔

بابراعظم اور کوشل مینڈس کی شاندار اننگز ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ کے باعث اہم کھلاڑی تصور کیے جا رہے ہیں۔ آل راؤنڈرز مائیکل بریسویل اور افتخار احمد دونوں شعبوں میں پرفارم کرنے کرتے آئے ہیں۔

کرکٹ ایکسپرٹس کے مطابق پشاور زلمی پہلے بیٹنگ کرتی ہے اور بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اس کا پلڑا بھاری ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین کا اصل ٹرمپ کارڈ ان کا ناقابلِ یقین کم بیک اور اجتماعی ٹیم ورک رہا ہے۔ وہ آخری 8 میں سے 7 میچز جیت کر فائنل میں پہنچی ہے۔

حیدرآباد کنگزمین کی کپتانی آسٹریلوی کرکٹر مارنس لبوشانے کررہے ہیں، جنہوں نے اپنی ٹیم کی فائنل میں رسائی کو معجزہ قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہی تسلسل انہیں چیمپئن بننے میں مدد کرسکتا ہے۔

عثمان خان اس وقت ٹیم کے سب سے بڑے خطرناک کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے کوالیفائرز اور ایلیمینیٹرز میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا پانسہ پلٹا ہے۔ خاص طور پر ایلیمینیٹر 2 میں ان کی 30 گیندوں پرناقابلِ شکست 61 رنز کی اننگز نے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

حیدرآباد کنگزمین میں گلین میکسویل بھی شامل ہیں جنہیں اگرچہ پورے ٹورنامنٹ میں زیادہ موقع نہیں ملا، تاہم بڑے میچوں میں ان کی صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔

اب تک میکسویل نے زیادہ تر باؤلنگ میں کردار ادا کیا ہے، لیکن لیگ مرحلے کے ایک اہم میچ میں انہوں نے 37 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا جلوہ دکھایا ہے، اسی تناظر میں میکسویل کو کنگزمین کا اہم ’وائلڈ کارڈ‘ قرار دیا جا رہا ہے، جو کسی بھی وقت میچ کا نتیجہ تبدیل کر سکتے ہیں۔

فائنل سے قبل دونوں کپتانوں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ کامیابی کا انحصار اعصاب پر کنٹرول، بہتر منصوبہ بندی اور پریشر میں کارکردگی پر ہی ہوگا۔

دونوں ٹیموں کی مجموعی کارکردگی کی روشنی میں شائقین کرکٹ کو فائنل میں زبردست مقابلے کی توقع ہے۔ انتظامیہ کے مطابق فائنل میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور شائقین کی اسٹیڈیم آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

Read Comments