ملک بھر میں گرمی کا راج، کراچی میں پارہ 44 ڈگری تک پہنچ گیا
سمندر کے کنارے بسا شہر کراچی ان دنوں شدید گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہے جہاں مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کی انتہائی کمی نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہو کر صرف 8 فیصد ہو گیا۔ شہر میں شمال مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ دن کے اوقات میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور خشک موسم کی وجہ سے شہری شدید ہیٹ اسٹریس کا شکار ہیں۔
طبی ماہرین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے موسم میں زیادہ دیر تک باہر رہنا صحت کے لیے سنگین پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔
ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ شہری خاص طور پر صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے کے درمیان دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری خود کو ہائیڈریٹڈ رکھیں یعنی پانی کا زیادہ استعمال کریں اور براہ راست دھوپ سے بچنے کے لیے ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
اس کے علاوہ غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء بالخصوص ٹھیلوں سے پرہیز کرنے اور صرف صاف یا ابلا ہوا پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پیٹ کی بیماریوں سے بچا جا سکے۔
اس شدید گرمی کی لہر کے دوران کراچی کے اسپتالوں میں سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماہرین امراض چشم و سینہ کے مطابق گرم اور خشک موسم کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کے کیسز کافی بڑھ گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق گرم اور حبس زدہ حالات میں ہوا میں آکسیجن کی مؤثر سطح کم ہو جاتی ہے جس سے خاص طور پر دمہ کے مریض متاثر ہوتے ہیں اور ایسے موسم میں نمونیا کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بعض بالائی اور شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں مٹی کے طوفان اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ لاہور، راولپنڈی اور مری میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں بھی سخت گرمی متوقع ہے تاہم ژوب اور لورالائی میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں اور اردگرد کے ماحول میں شجرکاری بڑھائیں تاکہ ماحولیاتی گرمی میں کمی لائی جا سکے۔