آبنائے ہرمز میں کشیدگی: جنوبی کوریا کے کارگو جہاز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی

صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا کو آبنائے ہرمز میں جاری سیکیورٹی مشن میں شامل ہونے کا مطالبہ کر دیا
اپ ڈیٹ 04 مئ 2026 11:23pm

جنوی کوریا کی وزرت خارجہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے کارگو بحری جہازمیں آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے، جہاز پر دھماکا بھی سنا گیا، حکام کے مطابق نقصانات اور صورتِ حال کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدرٹرمپ نے جنوبی کوریا سے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں جاری صورتِ حال کے تناظر میں امریکا کے ساتھ تعاون پر غور کرے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’سی این این‘ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک جنوبی کوریا سے منسلک بحری جہاز میں دھماکے اور آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی تصدیق جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ جہاز پاناما کے پرچم کے تحت رجسٹرڈ تھا اور اس میں 24 عملے کے ارکان سوار تھے، جن میں 6 جنوبی کوریائی شہری بھی شامل تھے۔ جہاز دھماکے سے قبل متحدہ عرب امارات کے قریب آبنائے ہرمز کے علاقے میں لنگر انداز تھا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم دھماکے اور آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام نے کہا ہے کہ نقصانات اور صورتِ حال کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہازوں اور عملے کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے آغاز کے بعد سے جنوبی کوریا سے متعلق تقریباً 26 بحری جہاز اس اہم آبی گزرگاہ میں پھنسے ہوئے ہیں، جس سے عالمی شپنگ اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’سوشل ٹروتھ‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں مختلف غیر متعلقہ ممالک کو نشانہ بنایا ہے، جن میں ایک جنوبی کوریائی کارگو جہاز بھی شامل ہے۔ اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ شاید اب وقت آ گیا ہے کہ جنوبی کوریا بھی اس مشن کا حصہ بنے اور امریکا کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی اقدامات میں شریک ہو۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جنہیں امریکی افواج نے کارروائی کے دوران تباہ کیا۔ ٹرمپ کے مطابق اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والی ٹریفک میں صرف جنوبی کوریا کے ایک جہاز کو نقصان کی اطلاع ملی ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایسے واقعات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور عالمی توانائی کی ترسیل پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

Read Comments