ملک بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری: سندھ میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 11 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، جس کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جب کہ بالائی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جہاں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 8 سے 10 مئی کے دوران میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
ادارے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو دھوپ سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
کسانوں کو بھی موسمی حالات کے پیش نظر اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے عوام کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران سندھ سمیت مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔ سندھ میں درجہ حرارت 3 سے 4 دن کے اندر 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 مئی کی شام سے ایک مغربی سسٹم بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث موسم میں تبدیلی آئے گی جب کہ 13 مئی تک ان علاقوں میں بارش اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث شہری احتیاط برتیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ممکنہ اثرات سے بچا جا سکے۔