ویرات کوہلی کے ساتھی کھلاڑی اچانک انتقال کر گئے، کرکٹ کی دنیا سوگوار
بھارت کے سابق انڈر 19 کرکٹر اور پنجاب کے میڈیم پیسر امن پریت سنگھ گل چنڈی گڑھ میں انتقال کر گئے ہیں، ان کی عمر محض 36 برس تھی۔
امن پریت کی اچانک موت نے کرکٹ برادری کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، تاہم ان کی موت کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکی۔
امن پریت سنگھ وہ کھلاڑی تھے جو انڈر 19 کرکٹ میں موجودہ اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے ساتھی رہے اور انہوں نے 2007 میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی۔
وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے سیزن میں پنجاب کی ٹیم کا حصہ رہے اور بعد میں پنجاب کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے ممبر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس دکھ بھری خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سابق کرکٹر اور سینئر سلیکشن کمیٹی کے ممبر امن پریت سنگھ گل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔“
امن پریت نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں پنجاب کی جانب سے چھ میچ کھیل کر 11 وکٹیں حاصل کیں اور انٹرنیشنل جونیئر کرکٹ میں سری لنکا کے تھیسارا پریرا جیسے بڑے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
بھارت کے لیجنڈری کھلاڑی یووراج سنگھ نے بھی اپنے پرانے ساتھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن پریت سنگھ گل کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ابتدائی دنوں میں ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا تھا؛ وہ ایک خاموش طبع، محنتی کرکٹر تھے جو کھیل سے محبت کرتے تھے۔ میرے دل کی گہرائیوں سے ان کے خاندان کے لیے تعزیت، خدا ان کی روح کو سکون دے۔
اسی طرح پنجاب کنگز کی ٹیم نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امن پریت سنگھ شیرگل کے جانے کا بہت دکھ ہے جنہوں نے فخر کے ساتھ پنجاب کی نمائندگی کی اور وہ پنجاب کنگز خاندان کا حصہ تھے۔
پنجاب کنگز نے لکھا کہ ان کے انتقال سے بھارتی مقامی کرکٹ ایک مخلص کھلاڑی اور سلیکٹر سے محروم ہو گئی ہے۔