وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش

کیرولین کی شادی 2025 میں ریئل اسٹیٹ ڈویلپر نکولس ریسو سے ہوئی تھی
شائع 08 مئ 2026 11:25am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چہیتی وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ بیٹی کی ماں بن گئیں، یہ اطلاع سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے بڑی تعداد میں کیرولین لیویٹ اور ان کی نومولود بیٹی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیولین لیویٹ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، یہ خوشخبری انہوں نے زچگی کی چھٹی مؤخر کرنے کے چند دن بعد سوشل میڈیا پر دی ہے۔

کیرولین لیویٹ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی ’’ویویانا‘‘ کی پیدائش یکم مئی کو ہوئی ہے، اور ماں اور بچی دونوں صحت مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بڑا بیٹا اپنی نئی بہن کے ساتھ زندگی کے نئے مرحلے کے مطابق ڈھل رہا ہے۔

28 سالہ کیرولین لیویٹ امریکا کی تاریخ کی سب سے کم عمر وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری ہیں، جو اپنی سخت اور جارحانہ پریس بریفنگز کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق انہیں 24 اپریل کو زچگی کی چھٹی شروع کرنی تھی، تاہم 25 اپریل کو وائٹ ہاؤس کوریسپانڈنٹس ڈنر کے دوران پیش آنے والے سیکیورٹی واقعے کے بعد ان کی چھٹی مؤخر کر دی گئی۔ وہ 28 اپریل تک وائٹ ہاؤس میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں۔

کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ وہ اس وقت ’’خوشیوں سے بھرے نوزائیدہ مرحلے‘‘ سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

ان کی شادی 2025 میں ریئل اسٹیٹ ڈویلپر نکولس ریسو سے ہوئی، جو ان سے 32 سال بڑے ہیں، اور ان کے تعلق کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ ملتی رہی ہے۔

واضح رہے کہ لیویٹ کا پہلا بچہ جولائی 2024 میں اس وقت پیدا ہوا تھا جب صدر ٹرمپ پر انتخابی جلسے کے دوران حملے کی کوشش کی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنی زچگی کی چھٹی مختصر کر دی تھی۔

Read Comments