اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم

حزب اللہ اور صیحونی فوج میں جھڑپیں جاری، 12 افراد ہلاک
شائع 08 مئ 2026 12:49pm

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں رہائشیوں کو فوری طور پر اپنے گھروں سے نکلنے اور علاقے خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویخائے ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ النمریہ، طیر فلیسیا، حلسیہ، بالائی حلسیہ، تورہ اور ماراکہ کے رہائشی فوری طور پر اپنے گھروں سے نکل جائیں اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔

اگرچہ لبنان میں بظاہر جنگ بندی کا اعلان موجود ہے، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں اور اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے ایسے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جو سرحد سے نسبتاً دور واقع ہیں۔

اسی دوران جنوبی لبنان میں ایک اور اسرائیلی ڈرون حملے کی اطلاع ملی ہے، جس میں کفرچوبا اور کفر حمام کے درمیان واقع سڑک کو نشانہ بنایا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ حملہ خطے میں خوف و ہراس کا باعث بنا۔

جمعرات کے روز بھی اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں جنوبی لبنان میں کم از کم 12 افراد جاں بحق ہوئے، جس سے انسانی جانوں کے نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید برآں لبنانی سول ڈیفنس نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ایک اہلکار بھی اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہو گیا۔ بیان کے مطابق اہلکار رشیہ الفخار مرکز سے تعلق رکھتا تھا اور اس کی گاڑی کو کفر شوبا روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسلسل حملوں کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے جبکہ شہری آبادی شدید خوف اور بے یقینی کا شکار ہے۔

Read Comments