یومِ معرکۂ حق: جی ایچ کیو میں آج پر وقار تقریب ہوگی، فیلڈ مارشل مہمانِ خصوصی ہوں گے

یومِ معرکۂ حق اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اپ ڈیٹ 09 مئ 2026 11:52pm

بھارت کے ’آپریشن سندور‘ کے جواب میں پاکستان کے بھرپور عسکری آپریشن ’معرکۂ حق‘ کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے، جس کی مناسبت سے آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پُروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

آپریشن ’معرکہ حق‘ کی سالگرہ کے موقع پر یہ تقریب آج (اتوار) کی صبح 8 بج کر 40 منٹ پر منعقد ہوگی۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں اس تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے جب کہ ان کے ہمراہ چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ظہیر بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوں گے۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان یادگارِ شہدا پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کریں گے۔ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شرکاء سے خطاب بھی کریں گے، جس میں وہ معرکہ حق کی اہمیت اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالیں گے۔

’یومِ معرکہ حق‘ کا انعقاد اس قومی جذبے اور عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج وطنِ عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

یہ دن اس بات کا پیغام ہے کہ پاکستان دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کا جواب انتہائی سخت اور منہ توڑ طریقے سے دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فیلڈ مارشل کی قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد

دوسری جانب ترجمان پاک فوج کے مطابق معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم، مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو مبارک باد پیش کی ہے، جب کہ ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی اس کامیابی پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ دن قومی عزم، اتحاد اور عسکری مہارت کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے، جب کہ معرکۂ حق کی کامیابی نے قومی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے اور پاکستان کو ایک مستحکم علاقائی قوت کے طور پر ابھارا ہے۔

بیان کے مطابق اس آپریشن کے دوران کیے گئے مؤثر اور بروقت ردِعمل نے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا، جب کہ فالس فلیگ اور جھوٹے بیانیے پر مبنی پروپیگنڈا بھی عالمی سطح پر بے نقاب ہوا، جس کے باعث دشمن کو سفارتی اور اخلاقی محاذ پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ کامیابی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور اتحاد کے مضبوط جذبے کا ثبوت ہے، جب کہ مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو جذبۂ خدمت کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔

Read Comments