ہنگو بڑی تباہی سے بچ گیا، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تھانہ سٹی کی حدود میں نصب 10 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا کر ممکنہ تباہی ٹال دی گئی، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے
خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی، جہاں سماری روڈ پر نصب 10 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں مشکوک بم کی اطلاع ملنے پر بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
ڈی پی او طارق حبیب خان نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے محفوظ طریقے سے ڈفیوز کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد تخریب کاری کے مذموم عزائم کیلئے نصب کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ طور پر ہنگو بڑی تباہی سے بچ گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔
