پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

22مئی سے23اگست کوموسم گرما کی تعطیلات ہوں گی
شائع 11 مئ 2026 03:12pm

شدید گرمی سے پریشان طلبا و طالبات کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں موسمِ گرما کی طویل تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارے تقریباً تین ماہ تک بند رہیں گے۔

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد 22 مئی سے 23 اگست تک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باعث طلبہ اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر کے اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے تقریباً تین ماہ تک درس و تدریس کیلئے بند رہیں گے۔

رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات 22 مئی سے شروع ہو کر 23 اگست تک جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ حکومت تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے گرمیوں کی چھٹیوں میں کمی پر غور کر رہی ہے۔

گزشتہ روز وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت 15 سے 20 روز تک چھٹیوں میں کمی سمیت مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔ تاہم اب پنجاب کابینہ نے طویل گرمیوں کی تعطیلات کی منظوری دے دی ہے۔

Read Comments