بنگلادیش کی سرزمین پر پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ میچ میں شکست
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے دی ہے۔ یہ بنگلا دیش کی اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی کامیابی ہے۔ بنگلادیشی کپتان نجم الحسین شنتو پہلی اننگ میں سنچری اور دوسری اننگ میں نصف سنچری بنا کر ’پلیئر آف دی میچ‘ کے حق دار قرار پائے۔
میرپور میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے آخری روز بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے ایک مشکل ہدف دیا تھا۔ بنگلادیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شنتو نے 87 اور مومن الحق نے 56 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی اننگز کے دوران تجربہ کار اسپنر نعمان علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں، جو اس میچ میں پاکستان کے لیے واحد خوشی کی خبر تھی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ اوپنر امام الحق صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اذان اویس نے 15 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر میں سعود شکیل اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی پچ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور دونوں نے 15، 15 رنز بنا کر اپنی وکٹیں گنوا دیں۔
ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کے سلسلے نے پاکستانی ٹیم کو میچ سے مکمل طور پر باہر کر دیا۔ پاکستان کا اسکور جب 152 رنز تھا تو اس کی چھٹی وکٹ گری، لیکن اگلے 6 رنز کے اضافے کے دوران مزید 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، جس سے اسکور 158 رنز پر 9 کھلاڑی آؤٹ تک پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز بناسکی تھی۔ بنگلادیش نے دوسری اننگز میں پاکستان کو 268 رنز کا ہدف دیا۔
کھیل کے پانچویں روز پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے 72 اوورز میں 268 رنز درکار تھے، لیکن پاکستانی بلے باز بنگلادیشی باؤلرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور پے درپے اپنی وکٹیں گنواتے رہے اور پوری ٹیم 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلادیش نے اس سے قبل اگست 2024 میں پاکستان کو راولپنڈی میں شکست دی تھی، تاہم اپنے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف یہ بنگلادیش کی پہلی فتح ہے۔
اس شکست کے بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 16 مئی سے چٹاگانگ میں ہوگا۔