کوکین کوئین کی نئی آڈیو لیک: گرفتاری سے پہلے ’وصیت نامہ‘ اور گاہکوں کے لیے ہدایات

'بیئر کے ساتھ کوکین پینا زہر بن جاتا ہے، اس کے بجائے کوک کے ساتھ وسکی پی جا سکتی ہے': پنکی کی آڈیوز نے ہنگامہ مچا دیا
شائع 13 مئ 2026 02:51pm

کراچی کی مشہور منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کے کیس میں سنسنی خیز موڑ سامنے آ رہے ہیں جہاں ملزمہ کی نئی آڈیو ریکارڈنگز نے تفتیش کا رخ بدل دیا ہے۔

سامنے آنے والی ایک آڈیو میں انمول عرف پنکی اپنی گرفتاری یا موت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اپنے گاہکوں کو ہدایات دے رہی ہے کہ اگر میرا یہ میسج سن رہے ہیں تو سمجھ لیں میرے ساتھ کوئی مسئلہ ہوا ہے یا میں اس دنیا میں نہیں ہوں۔

اس نے مزید کہا کہ میری غیر موجودگی میں میرا ایک مرد دوست اسی نمبر سے آپ کے ساتھ رابطے میں رہے گا اور یہ کام چلتا رہے گا۔

ایک اور آڈیو میں ملزمہ کو اپنے کلائنٹس کو منشیات کے استعمال کے خطرناک طریقے بتاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جہاں وہ کہتی ہے کہ بیئر کے ساتھ کوکین پینا زہر بن جاتا ہے، اس کے بجائے کوک کے ساتھ وسکی پی جا سکتی ہے۔

اس سے قبل بھی ایک آڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میں ملزمہ نے پولیس کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے، آٹھ نو سال میرے پیچھے لگے رہتے ہیں مگر پکڑ نہیں پاتے، جس دن دماغ سے سوچو گے تو پنکی کی طرح برانڈ بن جاؤ گے۔

ملزمہ نے چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے پورے کراچی میں اندھیرا ڈالا ہوا ہے، اگر اٹھا سکتے ہو تو اٹھا لو۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے سخت نوٹس کے بعد پولیس نے قانونی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

پولیس کی جانب سے دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے پر عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزمہ پر قتل، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے جیسے سنگین الزامات ہیں اور ریمانڈ کے دوران مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کیس کی تفتیش مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر کی جائے کیونکہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کی گارڈن پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران ملزمہ کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ خاتون 10 مقدمات میں مفرور تھی اور شہر میں آن لائن رائیڈرز اور خواتین کے ذریعے منشیات کی فراہمی کا ایک منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی۔

اب جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس اس نیٹ ورک کے دیگر مہروں تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔

Read Comments