فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل گانے 'ڈائے ڈائے' کی آمدن کہاں خرچ ہوگی؟

فیفا ورلڈ کپ آفیشل سونگ "ڈائے ڈائے" تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جاری کردیا گیا ہے۔
شائع 15 مئ 2026 02:39pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل گانے کی ریلیز کے ساتھ ہی دنیا بھر کے بچوں کی تعلیم کے لیے ایک بہت بڑے عالمی فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مرکز ”فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ“ ہے، جس کے تحت ٹورنامنٹ کے اختتام تک 100 ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ خطیر رقم پسماندہ کمیونٹیز کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ان کے لیے فٹ بال کے مواقع پیدا کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

اس عظیم مقصد کے لیے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا گلوبل سٹیزن اور فیفا کے ساتھ اس گانے سے حاصل ہونے والی اپنی تمام تر رائلٹی اس ایجوکیشن فنڈ میں عطیہ کریں گی۔

سماجی مقصد کے تحت شروع ہونے والی اس مہم کو مزید تقویت دینے کے لیے سونی میوزک بھی ابتدائی طور پر ڈھائی لاکھ ڈالرز کے برابر رقم اپنی طرف سے عطیہ کرے گا۔

شکیرا اور برنا بوائے کا یہ آفیشل ورلڈ کپ ترانہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو موسیقی اور کھیل کے ذریعے ایک ساتھ جوڑنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

19 جولائی کو ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں پہلی بار ہونے والے ہاف ٹائم شو میں بھی شکیرا پرفارم کریں گی، جو اس ایونٹ کی تاریخ میں ایک نیا اضافہ ہوگا۔

فیفا ورلڈ کپ کا ترانہ ”ڈائے ڈائے“ تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جاری کردیا گیا ہے، جس میں شکیرا کے ساتھ نائیجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 البم کے مزید گانے آئندہ ہفتوں میں جاری کیے جائیں گے۔

Read Comments