امریکی تحویل سے 11 پاکستانی اور 20 ایرانیوں کی رہائی میں کامیابی حاصل کرلی: اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہازوں پر موجود 11 پاکستانی اور برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی رہائی میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی شہری آج رات وطن واپس پہنچ جائیں گے، پاکستانیوں کی محفوظ واپسی پر سنگاپور حکومت کے مشکور ہیں۔
جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ الحمدللہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے سنگاپور کے ذریعے 11 پاکستانیوں اور ہمارے برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی حاصل کر لی ہے جو امریکا کی جانب سے گہرے سمندر میں تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکلات کا شکار افراد کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
امریکی تحویل سے رہائی پانے والے شہریوں کے حوالے سے وزیر خارجہ نے بتایا کہ تمام افراد سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد پہنچ جائیں گے، بعد ازاں ہمارے ایرانی بھائیوں کو وطن واپس پہنچنے کے لیے سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنگارپور کے وزیر خارجہ ویویان بالا، سنگاپور کے وزیر اعظم اور حکومت سنگاپور کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے میری درخواست پر اس پورے عمل میں مسلسل تعاون اور رابطہ رکھا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ایران کے وزیر خارجہ برادر عباس عراقچی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے ایرانی بھائیوں کی واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔
امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت اور مارکو روبیو نے پاکستانی اور ایرانی 31 شہریوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کیا اور حکومت تھائی لینڈ اور نائب وزیراعظم سیہاسیک پھوئنگ کیٹکیو کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر ان افراد کے بینکاک کے ذریعے ٹرانزٹ میں سہولت فراہم کی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور سنگاپور و تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں اپنے ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے بروقت رابطہ کاری اور انتھک محنت کے ذریعے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کو محفوظ، ممکن اور کامیاب بنایا۔
صومالی قذاقوں کے ہاتھوں اغوا جہاز کے مغوی عملے ویڈیو آگئی
دوسری جانب صومالی بحری قذاقوں کے ہاتھوں اغوا کیے گئے جہاز کے مغوی عملے کی نئی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے، جس میں پاکستانی انجینئر کاشف عمر نے حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے صورت حال کو سنگین قرار دیا ہے۔
کراچی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صومالی قذاقوں نے مغوی جہاز کے عملے کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں پاکستانی انجینئر کاشف عمر نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مدد کی درخواست کی ہے۔
ویڈیو میں کاشف عمر کا کہنا ہے کہ انہیں اغوا ہوئے 26 روز گزر چکے ہیں اور حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جہاز پر کھانے پینے کا سامان ختم ہو چکا ہے جبکہ عملے کو ایک وقت میں صرف ابلے ہوئے چاول دیے جا رہے ہیں۔
انجینئر کاشف عمر کے مطابق عملہ گندا پانی پینے پر مجبور ہے اور پینے کا صاف پانی بھی ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے حکومت اور شپنگ کمپنی سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اغوا کاروں سے رابطہ کریں اور عملے کی رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق جہاز پر موجود پاکستانی انجینئر سمیت 10 پاکستانی عملہ صومالی قذاقوں کے قبضے میں یرغمال ہے۔