ترجمان سندھ حکومت کی گھوٹکی کندھ کوٹ پل کو نقصان پہنچنے سے متعلق خبروں پر وضاحت

پل پر عالمی معیار اور حفاظتی اصولوں کے تحت کام جاری ہے: سعدیہ جاوید
اپ ڈیٹ 16 مئ 2026 06:48pm

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے گھوٹکی کندھ کوٹ پل کو شدید نقصان پہنچنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے میں صرف ایک حادثہ پیش آیا، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کے مطابق پل پر عالمی معیار اور حفاظتی اصولوں کے تحت کام جاری ہے۔

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر گھوٹکی کندھ کوٹ پل سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پل کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران گارڈرز سلپ ہونے کے باعث ایک گارڈر نیچے گرا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کے مطابق منصوبے پر عالمی معیار کے مطابق کام کیا جا رہا ہے اور تمام حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ بعض عناصر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ماضی کے ادوار میں ایسے ترقیاتی منصوبوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام سے کیے گئے ترقیاتی وعدے پورے کر رہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق گھوٹکی کندھ کوٹ پل ایک انٹرنیشنل اور گیم چینجر منصوبہ ہے، جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پل خطے کا سب سے طویل پل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پل کی تکمیل کے بعد 147 کلومیٹر کا سفری فاصلہ کم ہو کر تقریباً 30 کلومیٹر رہ جائے گا، جس سے عوام کو بہتر سفری سہولت، وقت کی بچت اور ایندھن کے کم اخراجات جیسے فوائد حاصل ہوں گے۔

سعدیہ جاوید کے مطابق اس منصوبے سے ساؤتھ پنجاب اور اپر سندھ کے درمیان تجارتی روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبے کو متنازع بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے اور غلط خبروں کے ذریعے پروپیگنڈا پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

گھوٹکی کندھ کوٹ پل سندھ کے اہم انفرااسٹرکچر منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب کے درمیان سفری اور تجارتی رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ لاگت اور سفر کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے۔

Read Comments