تنہائی کی پوسٹ پر والدہ بھی پریشان، سلمان خان نے مداحوں کو اصل کہانی بتا دی

اپنی شرٹ لیس تصویرکے ساتھ لکھے گئے مبہم پیغام نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔
شائع 19 مئ 2026 01:18pm

بولی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے سوشل میڈیا پراپنی ایک حالیہ پوسٹ پر وضاحت جاری کرتے ہوئے مداحوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

اتوار کے روز سلمان خان نے بغیر قمیض کے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کی بہترین فٹنس دیکھی جا سکتی تھی، لیکن اس تصویر کے ساتھ لکھے گئے ایک مبہم پیغام نے مداحوں کو ان کی ذہنی صحت کے حوالے سے فکر مند کر دیا تھا۔

اس پوسٹ میں انہوں نے اپنی مرضی سے اکیلے رہنے اور تنہائی کا شکار ہونے کے درمیان فرق پر بات کی تھی۔ یہ پوسٹ فوراً وائرل ہوگئی۔

صارفین یہ سوچنے لگے کہ شاید اداکار ذاتی طور پر کسی ذہنی دباؤ یا تنہائی کا شکار ہیں اور مداحوں نے تبصروں میں ان کی خیریت دریافت کرنا شروع کر دی تھی۔

پیر کی رات سلمان خان نے ایک اور پیغام شیئر کر کے صورتحال کو واضح کیا ان کی پوسٹ کو غلط سمجھا گیا اور وہ اپنے بارے میں بات نہیں کر رہے تھے۔

انہوں نے لکھا کہ ارے یار میں اپنے بارے میں بات نہیں کر رہا تھا۔ جب میرے پاس اتنا بڑا اور بہترین خاندان اور دوست موجود ہیں تو میں اکیلا کیسے ہو سکتا ہوں؟ اور جب میرے پاس آپ سب لوگ، آپ کی نیک خواہشات اور دعائیں ہیں تو میں تنہا کیسے ہو سکتا ہوں، اگر میں ایسا سوچوں تو میں دنیا کا سب سے بڑا ناشکرا انسان ہوں گا۔

سلمان خان نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ کبھی کبھی لوگوں کے ساتھ رہ کر انسان اکتا جاتا ہے، اس لیے میں صرف اپنے لیے کچھ وقت چاہ رہا تھا، بس اتنی سی بات ہے۔ اس بار کوئی تصویر نہیں لگائی بلکہ بریکنگ نیوز بن گئی۔

سلمان خان اس بات پر حیران تھے کہ ان کی ایک عام سی بات پر انٹرنیٹ پر اتنا بڑا ہنگامہ کھڑا ہو گیا کہ خود ان کی والدہ سلمیٰ خان کو بھی ان سے خیریت دریافت کرنی پڑی۔

انہوں نے بتایا کہ میری یہ پوسٹ اتنی بڑی خبر بن گئی کہ میری ممی بھی پریشان ہوگئیں۔ مجھ سے پوچھ رہی ہیں کہ کیا ہوا بیٹا؟ اس لیے آپ سب لوگ بس پرسکون رہیں۔

اداکار کی اس وضاحت کے بعد مداحوں نے سکھ کا سانس لیا جو ان کی ذہنی صحت کو لے کر پریشان تھے۔

سلمان خان نے اب تک شادی نہیں کی ہے اور وہ ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس میں اپنے خاندان کے ساتھ ہی رہتے ہیں جہاں ان کے والد سلیم خان، والدہ، بھائی اور بہنیں بھی قریب ہی رہتی ہیں۔

کام کے محاذ پر سلمان خان ان دنوں ہدایت کار وامشی پیڈی پلی کی ایک ایکشن فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے لیے وہ سخت محنت کر رہے ہیں۔ اس فلم میں وہ پہلی بار اداکارہ نین تارا کے ساتھ نظر آئیں گے اور یہ فلم اگلے سال عید پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس کے علاوہ وہ اپنی ایک اور فلم ماتروبھومی کی ریلیز کے بھی منتظر ہیں جس میں ان کے ساتھ چترانگدا سنگھ نے کام کیا ہے۔

Read Comments