جب خطرناک سین نے 'الفا براوو چارلی' کے کیپٹن کاشف کی دھڑکنیں روک دیں

ایک انتہائی خطرناک منظر کی شوٹنگ کا احوال بتا کر مداحوں کو ماضی کی یاد تازہ کردی۔
شائع 21 مئ 2026 09:29am

پی ٹی وی کے ماضی کے مقبول ترین اور بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’الفا براوو چارلی‘ میں کیپٹن کاشف کے کردار سے پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر کیپٹن عبداللہ محمود نے بے پناہ شہرت پائی تھی۔ اب برسوں بعد انہوں نے ڈرامے کے ایک انتہائی خطرناک منظر کی شوٹنگ کا احوال بتا کر مداحوں کو ماضی کی یادوں میں گم کر دیا ہے۔

1998 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والا ڈرامہ ’الفا براوو چارلی‘ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کی ایک شاہکار پیشکش تھی، جسے نامور ہدایت کار شعیب منصور نے تیار کیا تھا۔

یہ ڈرامہ تین فوجی افسران کاشف، فراز اور گل شیر کی زندگیوں اور ان کی حب الوطنی کے گرد گھومتا تھا۔ یہ مقبول ڈرامہ دراصل آئی ایس پی آر کے ہی ایک اور مشہور ڈرامے ’سنہرے دن‘ کا تسلسل تھا، جس نے ملک بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔

حالیہ دنوں میں ریٹائرڈ کیپٹن عبداللہ محمود نے ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک یادگار اور سنسنی خیز واقعے کا ذکرکیا۔

جب تقریب میں ان سے سوال پوچھا گیا کہ ’الفا براوو چارلی‘ کا وہ کون سا سب سے یادگار لمحہ ہے جو وہ سب کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں، تو انہوں نے اس خطرناک منظر کا ذکر کیا جس میں وہ ہیلی کاپٹر سے لٹکے ہوئے نظر آتے ہیں۔

اس خوفناک اور یادگار منظر کو یاد کرتے ہوئے کیپٹن عبداللہ محمود نے بتایا کہ، ’مجھے سب سے زیادہ ہیلی کاپٹر والا منظر یاد ہے جہاں میں ہیلی کاپٹر سے لٹکا ہوا تھا۔ جب ہیلی کاپٹر فضا میں اوپر گیا تو میری دل کی دھڑکن جیسے رک سی گئی تھی۔‘

انہوں نے بتایا، ’میں نے نیچے پہاڑوں کی طرف دیکھا اور مجھے احساس ہوا کہ یار اگر تم اتنی بلندی سے نیچے گرے تو تمہارا قیمتی وجود پاش پاش ہو جائے گا۔ لیکن خدا کا شکر ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور میں آج آپ سب کے سامنے زندہ سلامت موجود ہوں۔‘

انہوں نے اس موقع پر اپنے وطن کے دشمنوں کو پیغام دیتے ہوئے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ دشمن ہم سے ڈرتا ہے اور ہمیشہ ڈرتا رہے گا، کیونکہ ہمارے پاس ایمان کا جذبہ ہے اور اس کے آگے کوئی بھی دشمن نہیں ٹہر سکتا۔

90 کی دہائی کے اس ہیرو کو طویل عرصے بعد ایک بار پھر اپنے سامنے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین اور ڈرامے کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مداحوں کی جانب سے ان کی اس گفتگو کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور لوگ اپنے بچپن کے پسندیدہ اداکار کی باتیں سن کر پرانی یادیں تازہ کر رہے ہیں۔

کیپٹن عبداللہ محمود نے بھی عوام کی جانب سے ملنے والی اس بے پناہ محبت، عزت اور احترام پر تمام مداحوں کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

Read Comments